ریاستی کابینہ نےسرکاری ملازمین کے لئے ایک مہنگائی بھتہ کی منظوری دی

جی او 317 کے تحت متاثرہ سرکاری ملازمین کے تبادلوں کا فیصلہ

حیدر آباد : 27/اکتوبر (اپنا وطن نیوز)

وزیر اعلیٰ تلنگانہ مسٹر ریونت ریڈی کی زیر صدارت ریاستی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاستی سرکاری ملازمین کو ایک مہنگائی بھتہ (ڈی اے) دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سکریٹریٹ میں منعقدہ ریاستی وزراء کونسل کی طویل میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لئے گئے جو مندرجہ ذیل ہیں۔

🔹 ریاست کے مالی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کابینہ نے دیوالی کے تہوار کے موقع پر سرکاری ملازمین کے لئے ایک ڈی اے جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔

🔹 کابینہ نے حیدرآباد میں میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ کی توسیع کے  لیے ڈی پی آر کو منظوری دے دی ہے۔

🔹 وزراء کی کونسل نے ناگول – شمش آباد، رایا درگم – کوکاپیٹ، ایم جی بی ایس – چندرائن گٹہ، میاں پور – پٹن چیرو، ایل بی نگر – حیات نگر تک جملہ 76.4 کلومیٹر تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

🔹 میٹرو ریل پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے، جو مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی شراکت کے تحت شروع کیا جا رہا ہے، اس کے لئے درکار 24,269 کروڑ روپیوں کے تخمینہ جات کے ڈی پی آر کو مرکزی حکومت کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

🔹 GO 317 کے حوالے سے کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی سفارشات کے مطابق میڈیکل، شوہر بیوی (Spouse) اور ملازمین کے باہمی تبادلوں کے عمل کو منظوری دی گئی ہے۔

🔹ریاست میں ذات، معاشی اور سماجی مردم شماری کا سروے 30 نومبر تک مکمل کر لیا جائے۔ اس کے لیے 80 ہزار شمار کنندگان کا تقرر کیا جائے گا اور 4 سے 19 نومبر تک ریاست بھر میں گھر گھر سروے کیا جائے گا۔

🔹عثمانیہ اسپتال کی نئی عمارت کی تعمیر کے لیے گوشہ محل میں موجود محکمہ پولیس کی اراضی کو میڈیکل ڈپارٹمنٹ کو منتقل کرنے کی منظوری۔

🔹 ملوگو میں مجوزہ قبائلی یونیورسٹی کے لیے 211 ایکڑ زمین کا الاٹمنٹ۔

🔹 گچی باؤلی اسٹیڈیم کو مجوزہ ینگ انڈیا فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس یونیورسٹی میں منتقل کرنا۔

🔹 مدھیرا، وقار آباد، حضور نگر اے ٹی سیز کا قیام، مطلوبہ عہدوں کی منظوری۔

🔹 دیوالی کے تحفے کے طور پر ہر اسمبلی حلقہ میں پہلے مرحلہ کے طور پر 3500 مکانات منظور کیے جائیں گے۔

🔹ریاست میں نئی ​​قائم شدہ عدالتوں میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی منظوری۔