تلنگانہ حکومت کے مشیر محمد علی شبیر کا یوم آزادی تقریب سے خطاب
عادل آباد : 15/اگست (اپنا وطن نیوز بیورو)
ضلع عادل آباد میں روایتی جوش و خروش کے ساتھ یوم آزادی کی 78 ویں تقاریب کا آج انعقاد عمل میں آیا۔
تلنگانہ حکومت کے مشیر برائے ایس سی، ایس ٹی، او بی سی و اقلیتی طبقات مسٹر محمد علی شبیر نے آج ضلع کلکٹر راجرشی شاہ، ضلع ایس پی غوث عالم کے ہمراہ پولیس پریڈ گراؤنڈ پر منعقدہ مرکزی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے پرچم کشائی انجام دی۔

اس موقع پر انھوں نے ضلع کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے روبہ عمل لائی جارہی مختلف اسکیمات اور پروگراموں کا تذکرہ کرتے ہوئے عوام کو مخاطب کیا۔
انھوں نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ضلع میں گرہا جیوتی اسکیم کے تحت 95037 اہل استفادہ کنندگان کو 200 یونٹ مفت برقی کی سربراہی عمل میں لائی جارہی ہے۔
بیرون ممالک تعلیم حاصل کررہے ضلع کے اقلیتی طلبا کومحکمہ اقلیتی بہبود کے تحت چیف منسٹر اوور سیز اسکیم کے ذریعہ 20 لاکھ روپیوں کی مالی مدد فراہم کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ ضلع میں ٹمریز کے 6 تعلیمی ادارہ جات قائم ہیں جہاں پر طلبا کو مفت و معیاری تعلیم کی فراہمی عمل میں لائی جارہی ہے۔
اسی طرح محکمہ سول سپلائی کے ذریعہ ضلع عادل آباد میں 96 ہزار 115 صارفین کی شناخت کی گئی اور انھیں مہالکشمی اسکیم کے تحت 500 روپئے گیس سلنڈر سبسیڈی فراہم کی جارہی ہے۔تا حال ایک لاکھ 73 ہزار 256 ایل پی جی سلنڈر کی سپلائی عمل میں لائی جاچکی ہے جس کے لئے 4.89 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ۔


