چیف منسٹر کی حیثیت سے ریونت ریڈی لیں گے حلف
حیدر آباد : 4/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)
بالآخر کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے مسٹر ریونت ریڈی کے نام کا اعلان کر دیا۔
چیف منسٹر کرسی کو لے کر تلنگانہ کانگریس میں سے کل سے جاری اندرونی گروپ بندیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے جنرل سکریٹری کل ہند کانگریس کمیٹی مسٹر کے سی وینو گوپال نے ریونت ریڈی کے نام کا اعلان کردیا۔
انھوں نے دہلی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ کانگریس ہائی کمان نے صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ریونت ریڈی پر اپنا بھروسہ جتایا ہے اور انھیں بحیثیت چیف منسٹر نامزد کیا جارہا ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ریونت ریڈی بروز جمعرات 7/ڈسمبر کو بحیثیت چیف منسٹر تلنگانہ اپنے عہدہ کا حلف لیں گے۔
انھوں نے اس سوال پر کہ کانگریس میں گروپ بندیاں زوروں پر ہیں ، کہا کہ کانگریس قائدین ایک ٹیم کی طرح کام کرے گی اور تلنگانہ کے عوام سے کئے گئے 6 وعدوں پر عمل آوری کی جائیگی ۔
دریں اثنا ریونت ریڈی کو ہائی کمان کی جانب سے دہلی طلب کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ وہ خصوصی طیارہ کے ذریعہ دہلی روانہ ہوچکے ہیں۔ وہ دہلی میں کانگریس کے اعلیٰ قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے اظہار تشکر کریں گے ۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق دہلی میں کانگریس کے اعلیٰ قائدین سے ملاقات کے دوران انھیں مستقبل کے لائحہ عمل اور پارٹی میں ان سے سینئر قائدین سے اپنائے جانے والے بہتر رویہ، صاف و شفاف حکمرانی، 2024 کے پارلیمانی انتخابات کے مدنظر حکومت کی اسکیمات پر عمل آوری جیسے نکات پر ضروری ہدایات دی جائیں گی۔

