ظہیر الدین علی خان کاسانحہ ارتحال قوم وملت کے لئے عظیم نقصان

TUWJU عادل آباد کی جانب سے تعزیتی اجلاس و دعائیہ نشست کا اہتمام

عادل آباد۔10/اگست(پریس نوٹ)

تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین عادل آباد کی جانب سے 9؍اگست کی رات، بمقام ماجد ٹاور کانفرنس ہال میں مینیجنگ ایڈٹیر روزنامہ سیاست مرحوم ظہیر الدین علی خان کی یاد میں تعزیتی اجلاس و دعائیہ نشست کا اہتمام کیا گیا۔

اس اجلاس میں شہر عادل آباد کی سرکردہ شخصیات جن میں قابل ذکر محمد یونس اکبانی قائد بی آر ایس و چیر مین عادل آباد چیرٹیبل ٹرسٹ، ساجد خان صدر ضلع کانگریس کمیٹی عادل آباد، محمد عبدالمجاہد صدر رئیل اسٹیٹ اسوسی ایشن ضلع عادل آباد، محمد عبدالوکیل صدر اردو ٹیچرس اسوسی ایشن،محمد عابد علی مدیر اعلیٰ اپنا وطن نیوز پورٹل ، جلیل احمد خان مدیر اعلیٰ ہفت روزہ شہباز عادل آباد، ادبی شخصیت ڈاکٹر ایم اے قدیر،سیوا فاؤنڈیشن صدر خواجہ سراج الدین،صدر آئمہ و مؤذنین حافظ منظوراحمد،آئیٹا ضلع صدر عمران رسول و دیگر نے شرکت کی۔

مذکورہ تعزیتی اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے مرحوم ظہیر الدین علی خان کے رفیق محمد یونس اکبانی نے کہا کہ خان صاحب کا اچانک سانحہ ارتحال خود ان کے لئے ذاتی نقصان ہے اور اس سانحہ سے ہر کوئی سکتہ میں ہے۔

بالخصوص وہ لوگ جو انھیں جانتے ہیں اور ان کی خدمات کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔یونس اکبانی نے کہا کہ مرحوم نہ صرف اخبار کی ذمہ داری پر معمور تھے بلکہ وہ اپنے آپ میں ایک تحریک تھے۔ خود میں نے مرحوم سے کئی ایک چیزیں سیکھی ہیں اور میرے ٹرسٹ کا قیام بھی دراصل ان ہی کی مرہون منت ہے۔

اس موقع پرادبی شخصیت ڈاکٹر محمد عبدا لقدیر نے  کہا کہ مرحوم ظہیر الدین علی خان کی ہمہ تن مصروفیت،عوامی خدمات پرجائزہ لینے پر یہ یقین سے کہا جاسکتا ہے کہ وہ نہ صرف ایک اخبار کے مینیجنگ ایڈیرتھے بلکہ قوم و ملت کے مینیجنگ ایڈیٹر تھے۔

نہ جانے ان کے سانحہ ارتحال سے کتنے معاونین سکتے میں ہوں گے جو زندگی کے آخری لمحات تک بھی کئی بچوں کی کفالت کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر لئے ہوئے تھے۔غریب ومستحق طلبہ کی بنیادی تعلیم سے اعلیٰ تعلیم تک کی ذمہ داری،ادبی میدان میں گراں قدر خدمات،سیلاب و فسادات سے متاثرہ علاقوں میں ہر قسم کی امداد،  جیسے درجنوں کام ہیں جو مرحوم نے انجام دیئے تھے۔

قبل ازیں ٹی یو ڈبلیو جے یو ضلع صدر عبدالعلیم نے اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ ظہیر الدین علی خان کا اچانک انتقال دراصل قوم و ملت کا ایک بڑا خسارہ ہے اور اس خلاء کو پر کرنا بہت مشکل ہے۔

مرحوم کی اخبار سیاست کے لئے دی گئی خدمات کے علاوہ سماجی،ملی و ادبی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔انھوں نے تمام سے اپیل کی  کہ وہ خدا کے حضور دعا کریں کہ اللہ رب العزت اس قوم و ملت کو ظہیر الدین علی خان جیسی شخصیت کا نعم البدل عطا کرے۔

بعد ازاں صدر آئمہ و مؤذنین ضلع عادل آباد حافظ منظور احمد نے مرحوم ظہیر الدین علی خان کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کے لئے بارگاہ رب العزت سے رخت انگیز دعا کی۔

اجلاس میں مولانا شیخ محمود امام خطیب مسجد حنفیہ ،اردو اساتذہ مرزا آصف بیگ،عبدالنسیم،یوسف خان، کے علاوہ صحافی اکبر الدین،محمد محسن،مطیع الرحمن،اور ایم اے کلیم،مجیب خان صدر انتظامی کمیٹی مسجد کوثر و دیگر موجود تھے۔