میت کو دفنانے کے لئے نالہ عبور کرنے کی نوبت
کمسن بچے کو دفنانے کا ویڈیو وائرل
عادل آباد : 6 ؍ ستمبر ( اپنا وطن نیوز )
ضلع عادل آباد کے بیلا منڈل مستقر کے مسلمانوں میں منتخبہ سیاسی عوامی نمائندوں کے خلاف ناراضگی دیکھی جارہی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ کل منڈل مستقر پر ایک معصوم بچے کی موت واقع ہوگئی جس کو دفنانے کے لئے مسلمانان بیلا کو کافی تکالیف کا سامنا کرنا پڑا جو کہ قدیم قبرستان میں میت کو دفنانے جارہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق بیلا منڈل مستقر پر دو قبرستان ہیں۔ قدیم قبرستان جو کہ کافی وسیع بھی ہے، تاہم یہاں تک پہنچنے کے لئے لوگوں کو نالہ عبور کرکے جانا پڑتا ہے۔ اسی طرح نئی آبادی میں ایک نیا قبرستان سڑک کنارے ہے تاہم زیادہ تر مسلمان قدیم قبرستان ہی جاتے ہیں۔
اس خصوص میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں دکھایا جارہا ہے کہ ایک نوجوان بچہ کی نعش کو اپنے ہاتھوں میں لئے ہوئے ایک نالہ عبور کررہا ہے تاکہ وہ اسے دفنانے کے لئے قبرستان تک پہنچ سکے۔
قبرستان تک پہنچنے کے لئے مقامی مسلمانوں کو بہتے ہوئے برساتی پانی میں نالہ عبور کرنا پڑرہا ہے ۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مقامی رکن اسمبلی نے اس نالہ پر پُل تعمیر کرنے کا وعدہ کیا تھا تاہم اس خصوص میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔
گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ اگر نالے میں پانی کا بہاؤ زیادہ ہو اور گاؤں میں کسی کی موت واقع ہوجائے تو وہ کس طرح میت کو دفنا پائیں گے؟
مقامی مسلمانوں نے رکن اسمبلی و دیگر عوامی منتخبہ نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد اس نالہ پر پُل کی تعمیر عمل میں لائیں تاکہ قبرستان تک پہنچنے میں انھیں آسانی ہوسکے۔

