آصف آباد : 27/اکتوبر (اپنا وطن نیوز)
ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے بیجور منڈل کے موضع سومنی سے گزرنے والی پرانا ہیتا ندی میں کل تیراکی کے دوران تین نوجوان غرق ہوگئے۔
مقامی افراد کے مطابق بجور منڈل کے متوطن چار نوجوان پرانا ہیتا ندی میں تیراکی کی غرض سے اترے تھے کہ ان میں سے تین نوجوان ظہیر حسین (22 سال)، معیز (19 سال) اور ارشاد (18 سال) غرق ہوگئے جبکہ قاسم ندی سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔
قاسم کی جانب سے بذریعہ فون اس حادثہ کی اطلاع رشتہ داروں کو دی گئی جس کے بعد پولیس اور رشتہ داروں نے مچھیروں کی مدد سے رات بھر نوجوانوں کو تلاش کیا اور آج صبح تلائی علاقہ کے قریب ندی سے ظہیر نامی نوجوان کی نعش برآمد ہوئی۔ جبکہ مابقی دو نوجوانوں کی تلاش ہنوز جاری ہے۔
سرکل انسپکٹر رمیش، ایس آئی وکرم نے اس واقعہ کے متعلق بتایا کہ نوجوان محنت مزدوری کرتے ہوئے زندگی بسر کررہے تھے اور کل مقامی بازار بند ہونے کے باعث یہ لوگ ندی میں تیراکی کے لئے اترے۔ گہرائی کا اندازہ نہ لگاتے ہوئے نوجوان ندی میں دور تک چلے گئے جس کے باعث یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
انھوں نے بتایا کہ مقامی مچھیروں اور تیراکوں کی مدد سے مابقی دونوں نعشوں کی تلاش جاری ہے۔
اس خصوص میں ایک شکایت درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

