اوٹنور : 9/فروری (اپنا وطن نیوز)
تلنگانہ میناریٹیز ریسڈینشل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس سوسائٹی (TMREIS) کے تحت اوٹنور میں قائم اسکول و کالج کے غیر تدریسی عملہ نے انھیں درپیش مختلف مسائل پرمقامی رکن اسمبلی ویڈما بوجو پٹیل سے نمائندگی کی۔
متعلقہ اقامتی اسکول کے غیر تدریسی عملہ کی جانب سے رکن اسمبلی خانہ پور ویڈما بوجو پٹیل کے علم میں لایا گیا کہ ٹمریز کے تحت خدمات انجام دے رہے بعض آؤٹ سورسنگ ملازمین کی تنخواہوں میں تاحال اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔
اسی طرح عملہ کو ان کی خدمات کے عوض مکمل سال کی تنخواہوں کی ادائیگی اور انھیں جاب سیکیوریٹی دی جانی چاہئے۔
غیر تدریسی عملہ نے رکن اسمبلی کو پیش کی گئی تحریری یادداشت میں مزید بتایا کہ سابقہ حکومت نے ٹمریز کے تحت خدمات انجام دینے والے ڈاٹا انٹری آپریٹرس، اسٹاف نرس، آفس سب آرڈنیٹ اور ڈپٹی وارڈن کو اگست 2022 میں اضافی تنخواہیں منظور کی ہیں تاہم دیگر غیر تدریسی عملہ کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔
سابقہ حکومت اور ٹمریز کے بعض سابقہ ذمہ داروں کے غلط فیصلوں سے ٹمریز میں سالہا سال سے اپنی خدمات انجام دے رہے غریب ملازمین کو نقصان سے دوچار ہونا پڑرہا ہے لہذا موجودہ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ دیگر سوسائٹیز کے تحت چلائے جانے والے اقامتی مدارس کے ملازمین کی طرز پر ٹمریز کے ملازمین کے لئے بھی اضافی تنخواہیں منظور و جاری کریں۔
مقامی رکن اسمبلی نے ٹمریز کے ملازمین کو درپیش مسائل پر اعلیٰ عہدیداران سے نمائندگی کرنے اور انھیں حل کروانے کا تیقن دیا۔
قبل ازیں رکن اسمبلی بوجو پٹیل کی بحیثیت رکن اسمبلی انتخاب پر انھیں شال پوشی و گلپوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی گئی۔
اس موقع پر عبدالماجد، اکبر، کوثر، سمیر، محمود، چندریا، شعیب، مولانا عبدالسلیم کے علاوہ اسکول و کالج کا دیگر غیر تدریسی عملہ موجود تھا۔

