ٹرینڈ ٹیچرس کا ڈائریکٹر آف اسکول ایجوکیشن حیدر آبادکا گھیراؤ، پولیس لاٹھی چارج

حیدر آباد : 29 / اگست (ایجنسیز)

میگا ڈی ایس سی کا مطالبہ کرتے ہوئے آج ریاست بھر کے ڈی ایڈ، بی ایڈ ٹرینڈ ٹیچرس نے دفتر اسکول ایجوکیشن حیدر آباد کا گھیراؤ کیا ۔

ٹرینڈ ٹیچرس  کی بڑی تعداد جن میں لڑکیاں بھی شامل تھیں نے دفتر ڈائریکٹر آف اسکول ایجوکیشن کے روبرو زبردست احتجاج کیا ۔

بعد ازاں احتجاجی ٹرینڈ ٹیچرس بشکل ریالی ریاستی اسمبلی کی سمت پیشقدمی کرنے لگے جس کے خلاف پولیس اور ٹرینڈ ٹیچرس میں تناؤ کی کیفیت دیکھی گئی۔

احتجاجی ٹرینڈ ٹیچرس کو قابو کرنے کے لئے پولیس نے ہلکا سا لاٹھی چارج کیا اور کئی احتجاجی نوجوانوں کو زبردستی گرفتار کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔

اسی طرح احتجاجیوں کی بڑی تعداد جو کہ رویندرا بھارتی ، لکڑی کا پل میٹرو اسٹیشن کے قریب جمع تھی کو بھی پولیس نے منتشر کردیا۔

مذکورہ احتجاج ایم پی کرشنا کی قیادت میں منعقد کیا جارہا تھا جس میں ٹرینڈ ٹیچرس کا مطالبہ تھا کہ حکومت میگا ڈی ایس سی منعقد کرے۔

احتجاجی طلبا نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر نے اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ ریاست کے تعلیمی اداروں میں مخلوعہ 13 ہزار جائیدادوں کو پر کرنے کے لئے اعلامیہ جاری کیا جائے گا تاہم صرف 5089 جائیدادوں پر تقررات کے لئے اعلامیہ جاری ہونے والا ہے۔

احتجاجی طلبا نے یہ بھی بتایا کہ وہ ڈی ایس سی اعلامیہ کے لئے پچھلے 6 سال انتظار کررہے تھے اور حکومت نے صرف 5 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کرتے ہوئے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ کئی اضلاع میں صرف 10 تا 15 جائیدادیں عام زمرہ کے تحت بتائی جارہی ہیں جس سے طلبا کا شدید نقصان ہوگا۔

احتجاجی طلبا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فی الفور میگا ڈی ایس سی کا اعلان کرتے ہوئے کم از کم اسمبلی میں بیان کردہ 13 ہزار جائیدادوں کے لئے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائے بصورت دیگر ریاست بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔