حیدر آباد : 25/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)
کانگریس حکومت کے تلنگانہ ریاست میں اقتدار پر آتے ہی مختلف اسکیمات پر عمل آوری کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
انتخابات سے قبل عوام کو دی گئی 6 ضمانتوں میں سے ریاستی حکومت نے تاحال 2 پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔
مہالکشمی اسکیم کے تحت ریاست تلنگانہ کی خواتین آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کررہی ہیں۔ اس کے باعث آر ٹی سی بسوں کے اندر مسافرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ بھی دیکھا جارہا ہے۔
ان دنوں آر ٹی سی بسوں میں کم مسافت کے سفر میں بھی لوگوں کو بسوں میں کھڑے ہوکر سفر کرتے ہوئے دیکھا جارہا ہے۔
بالخصوص مرد مسافرین جو کہ ٹکٹ خرید کر بسوں میں سفر کررہے ہیں، انھیں نشستوں کی عدم دستیابی سے وہ آر ٹی سی انتظامیہ کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں۔

اسی مسلہ پر آر ٹی سی انتظامیہ کو بھی کئی ایک شکایات موصول ہورہی ہیں۔ انتظامیہ پر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ ایک طرف جہاں خاتون مسافرین کو مفت سفر کی سہولت میں مزید بہتری لائے وہیں رقم ادا کرتے ہوئے ٹکٹ خریدنے اور سفر کرنے والے مرد مسافرین کو بھی نشستیں فراہم کی جائیں اور ان کے لئے آسان سفر فراہم کیا جائے۔
آر ٹی سی انتظامیہ ایک اہم فیصلہ لے سکتی ہے جس میں مرد مسافرین کے لئے نشستیں محفوظ کی جاسکیں۔ تاحال بسوں میں صرف خواتین، معذورین اور عمر رسیدہ افراد کے لئے ہی نشستیں محفوظ کی جاتی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اب آر ٹی سی انتظامیہ مرد مسافرین کے لئے بھی نشستیں محفوظ کرنے پر غور کررہا ہے ۔
عام طور پر ایک بس میں پائی جانے والی جملہ 55 سیٹوں میں سے 20 سیٹیں مرد مسافرین کے لئے مختص کرنے پر غور و خوص جاری ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ آر ٹی سی کارپوریشن کے اعلیٰ عہدیداران نے ریاست بھر کے ڈپو مینجرس سے اس خصوص میں ان کی رائے طلب کی ہے۔
عہدیداران یہ پتہ لگانے کی کوشش کررہے ہیں کہ آیا مرد مسافرین کو بسوں میں نشستیں محفوظ کرنے سے عوام میں اس فیصلہ کی مخالفت تو نہیں ہوگی؟
چونکہ سرکاری بسوں میں مرد مسافرین کونشستیں محفوظ کرنے کا ملک بھر میں کہیں بھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ایسے میں اگر تلنگانہ آر ٹی سی کارپوریشن یہ فیصلہ لیتی ہے تب عوام میں اس کے کیا اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، اس پر غور و خوص جاری ہے۔
دوسری جانب آر ٹی سی انتظامیہ مصروف شاہراہوں پر زائد آرٹی سی بسیں چلانے کا بھی منصوبہ بنارہی ہے۔
اس خصوص میں کارپوریشن نے پہلے ہی بسوں کی تعداد میں اضافہ کی غرض سے اشتہار جاری کیا ہے تاکہ کارپوریشن میں خانگی بس سرویس کی خدمات حاصل کی جاسکے۔

