تلنگانہ کے اردو صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کا دس روزہ احتجاج

TUWJF DEMANDS

عادل آباد میں ضلع کلکٹر کو کل نمائندگی پیش کی جائے گی۔سرپرست اعلیٰ محبوب خان

عادل آباد : 9 ؍ جولائی (پریس نوٹ )

ریاستی حکومت کی جانب سے اردو صحافیوں کے مسائل کی یکسوئی میں مسلسل سرد مہری کو محسوس کرتے ہوئے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کی جانب سے حکومت کی توجہ مبذول کرانے کی غرض سے جاریہ ماہ کی 10؍تاریخ تا 17؍تاریخ تک ’’ہفتہ مطالبات‘‘پروگرام کا اہتمام ریاستی سطح پر کیا جارہا ہے۔

یہ بات سرپرست اعلیٰ TUWJF عادل آباد محبوب خان نے عادل آباد پریس کلب میں میڈیا سے مخاطب ہوکر بتائی۔ اور کہا کہ اسی ضمن میں عادل آباد ضلع کلکٹر مسٹر راہول راج اور ڈسٹرکٹ پبلک ریلیشن آفیسر مسٹر ایس وشنو کو دس مطالبات پر مشتمل ایک یادداشت بروز پیر کو پیش کی جائے گی۔

دس مطالبات جن میں

1۔ محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ کی جانب سے 2016 میں جاری کردہ حکم نامہ 239 کو فوری اثر کے ساتھ کالعدم کردیاجائے۔اور موجودہ حالات اور تقاضوں کو ملحوض رکھتے ہوئے اس حکم نامے کے بجائے ایک معاصر حکم نامہ کی اجرائی کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔ جس میں اکریڈیٹیشن کارڈ کی اجرائی کے طریقہ کار کو واضح کیاجائے۔ اس کمیٹی میں تلگو، انگریزی،  ہندی کے ساتھ اردو کے نمائندے بھی شامل ہوں۔ ان میں بڑے اور چھوٹے اخبارات، الکٹرانک میڈیا، سیٹلائٹ، کیبل، ڈیجیٹل میڈیا۔ فوٹو جرنلسٹس، ویڈیوجرنلسٹس، میگزین، فری لانس جرنلسٹس کے نمائندے بھی شامل ہوں۔ اس کمیٹی کی شفارشات کی بنیاد پر ایک نیا حکم نامہ جاری کیاجائے۔
2۔2016سے پہلے جس طرح منڈل سطح پر اردو صحافیوں کو اکریڈیٹیشن کارڈ جاری کئے جاتے رہے انہی خطوط پر اس کو جاری رکھاجائے۔
3۔ سی زمرہ سے تعلق رکھنے والے چھوٹے اخبارات کو بھی اضلاع میں اکریڈیٹیشن کارڈ جاری کیا جائے۔
4۔ ریاستی سطح اور ضلع سطح پر جو اکریڈیشن کمیٹیاں تشکیل دی جاتی ہیں اس میں لازمی طورپر اردو جرنلسٹ زمرہ کو شامل کرتے ہوئے اردوصحافی کو کمیٹی میں نمائندگی دی جائے۔ریاست کی میڈیا اکیڈیمی میں اردو کے ایک صحافی کوبھی نامزدکیاجائے۔
5۔ ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح ریاست تلنگانہ میں بھی صحافیوں کے لئے پنشن اسکیم شروع کی جائے۔ 55 سال کی عمر اور 25 سال تجربہ رکھنے والے صحافیوں کو ماہانہ 10 ہزارروپئے پنشن دی جائے۔
6۔سرکاری ملازمین اور وظیفہ یاب افراد کے لئے جو صحت کی نئی اسکیم کا اعلان کیاگیاہے انہیں خطوط پر صحافیوں اور ان کے ارکان خاندان کے لئے ہیلتھ اسکیم شروع کی جائے۔ صحافیوں کی اوران کے خاندان کو بہتر صحت کی سہولتیں فراہم کی جانی چاہیے۔
7۔اردوکے چھوٹے اخبارات ۔جرائد و رسائل کے لئے سالانہ کم از کم دولاکھ روپئے ہر اخبار کے لئے بطوراشتہارات بجٹ میں رقم مختص کی جائے۔
8۔صحافیوں کے بچوں کی تعلیم کے لئے خانگی اسکولس اور کالجس میں انہیں پچاس فیصد فیس رعایت دی جائے۔ اورانہیں حق تعلیم کے تحت تعلیمی مراعات بھی فراہم کی جائیں۔
9۔ ریاست میں  اردو صحافیوں کو بلا لحاظ اکریڈیشن کارڈ کے امکنہ اراضی یا ڈبل بیڈرومکانات کا الاٹمنٹ کیاجائے۔
10۔ ریاست تلنگانہ میں صحافیوں کے تحفظ کے لئے ریاست مہاراشٹرا کے خطوط پر جرنلسٹس سیکوریٹی ایکٹ منظورکیاجائے۔ اور دستورمیں دیئے گئے آزادی اظہارخیال کے تحت انہیں اس حق کے استعمال میں حکومت کی جانب سے سہولتیں فراہم کی جائیں۔ان پرہونے والے شخصی حملوں یا اظہار خیال کی آزادی میں روکاٹ جیسے اقدامات سے ان کا تحفظ ضروری ہے۔
TUWJF کی جانب سے ہفتہ مطالبات پروگرام میں شرکت کی خواہش سرپرست اعلیٰ محبوب خان، سرپرست مسٹر حمید اللہ انور، نائب صدر مسٹر محمد آصف الدین، جنرل سکریٹری مسٹر حافظ خضر یافعی، مسٹر عمیم شریف، محمد شفیع، شیخ معیز، عصمت علی نے کی۔