عادل آباد : 18/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)
راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس(رمس) عادل آباد میں زیر تعلیم دو نوجوان ڈاکٹرس کی آج سڑک حادثہ میں موت واقع ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق عادل آباد رمس میں ایم بی بی ایس سال سوم کے 6 طلبا کل شب کھانا کھانے کی غرض سے مہاراشٹرا کے پانڈر کوڑا علاقہ میں موجود دھابہ روانہ ہوئے تھے اور رات دیر گئے عادل آباد واپسی کے دوران سڑک حادثہ میں دو ڈاکٹرس ڈیوڈ راجو (ساکن ورنگل)، بالا سائی(ساکن وجئے واڑہ)فوت ہوگئے۔
رمس ڈائریکٹر جئے سنگھ راتھوڑ کے مطابق زیر تربیت 6 ڈاکٹرس بذریعہ موٹر سیکل پانڈر کوڑا روانہ ہونے کی اطلاع ہے جن میں دو کی موت عادل آباد واپسی کے دوران واقع ہوگئی اور مابقی 4 محفوظ ہیں۔

رمس میڈیکل کالج میں زیر تربیت ڈاکٹر کی نعش پر رشتہ دار و دوست و احباب زاروقطار روتے ہوئے۔
انھوں نے بتایا کہ متوفی زیر تربیت ڈاکٹرس کا پوسٹ مارٹم سرکاری دواخانہ پانڈر کوڑا میں کیا گیا اور دونوں کی نعشوں کو رمس عادل آباد آج دوپہر لایا گیا جہاں سے ان کے آبائی مقامات کو نعشیں روانہ کردی جائے گی۔
قبل ازیں رکن اسمبلی عادل آباد پائل شنکر نے بھی پانڈر کوڑا پہنچ کر متوفی نوجوانوں کے پوسٹ مارٹم کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کی تھی اور نعشوں کو عادل آباد منتقل کرنے کا عہدیداران کو ہدایت دی۔
پوسٹ مارٹم کی تکمیل کے بعد آج دوپہر سڑک حادثہ میں فوت ہونے والے دونوں ہی زیر تربیت ڈاکٹرس کی نعشوں کو رمس میڈیکل کالج لایا گیا جہاں پر رمس کے پروفیسرس و ساتھی زیر تربیت ڈاکٹرس نے انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر رشتہ داروں اور ساتھی ڈاکٹرس کو زار و قطار روتے ہوئے دیکھا گیا۔ رمس ڈائریکٹر جئے سنگھ راتھوڑ، پروفیسرس ڈاکٹرادریس اکبانی، ڈاکٹر اشوک و دیگر نے نعشوں کا دیدار کیا۔
واضح ہو کہ عادل آباد کا رمس میڈیکل کالج چند دنوں سے سرخیوں میں ہے ۔ جونئیر ڈاکٹرس کے حالیہ احتجاج اور پھر آج زیر تربیت ڈاکٹرس کی حادثاتی موت نے اسے دوبارہ اخباری سرخیوں میں لادیا ہے۔
مہاراشٹرا کا تعلقہ پانڈر کوڑا عادل آباد سے 55 کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے، اس علاقہ میں دھابوں کی کثرت ہے جہاں پر قومی شاہراہ پر چلنے والی گاڑیاں اکثر ٹہرتی ہیں اور ڈرائیور و مسافر ان دھابوں پر کھانا کھاتے ہیں۔ مستقر عادل آباد سے بھی نوجوان و طلبا ان دھابوں پر کھانا کھانے جاتے ہیں۔

