لڑکی کا اغوااورعصمت ریزی کا مبینہ واقعہ

تلنگانہ کےضلع عادل آباد کے گڑی ہتنور میں کشیدگی

برہم عوام کا پولیس پر پتھراؤ، سرکل انسپکٹر اورایس آئی زخمی۔ملزم کا مکان نذر آتش

عادل آباد : 22/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)

تلنگانہ کے ضلع عادل آباد کےگڑی ہتنور منڈل مستقر پر ہفتہ کی شام شدید کشیدگی دیکھی گئی۔ 

تفصیلات کے مطابق مقامی افراد نے یہ الزام لگاتے ہوئے کہ ایک مقامی نوجوان نے نابالغ لڑکی کا اغوا کرتے ہوئے اسے اپنے گھر میں قید کررکھا ہے اور اس کے ساتھ زیادتی کررہا ہے، گھر کا گھیراؤ کرلیا اور نوجوان کو ان کے حوالے کرنے کی مانگ کرنے لگے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایچوڑہ سرکل انسپکٹر بھیمیش، سب انسپکٹر آف پولیس تروپتی پولیس عملہ کے ساتھ مقام پر پہنچے اور احتجاجیوں کو اس گھر سے دور رکھنے اور گھر میں موجود لڑکی کو نکالنے اور نوجوان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی۔

تاہم مقامی عوام نے نوجوان کو ان کے سپرد کرنے کی مانگ کرتے ہوئے پولیس عملہ اور گھر پر پتھراؤ کردیا جس کے نتیجہ میں سرکل انسپکٹر بھیمیش، سب انسپکٹر تروپتی اور دیگر پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی پولیس ملازمین کو عادل آباد رمس منتقل کرتے ہوئے علاج کیا گیا۔ اس کے علاوہ پتھراؤ کے نتیجے میں پولیس کی دو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

بالآخر پولیس نے کسی طرح لڑکی کو اس گھر سے نکالتے ہوئے عادل آباد رمس ہاسپٹل بغرض علاج منتقل کردیا۔

دریں اثنا مشتعل احتجاجیوں نے مبینہ ملزم کے مکان کو نذر آتش کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ زخمی  نوجوان کو پولیس نے بہتر علاج کے لیے نرمل کے راستے نظام آباد کے دواخانہ منتقل کردیا ہے۔

فی الحال، گڑی ہتنور میں زائد پولیس فورس کو تعینات کرتے ہوئے حالات پر قابو پالیا گیا ہے۔