طلباء کے لیے مضمون نویسی اور تقریری مقابلے منعقد کئے گئے
عادل آباد: 9/نومبر (پریس نوٹ)
ضلع عادل آباد میں مقامی تنظیم سیوا فاؤنڈیشن کے زیراہتمام بروز ہفتہ کو مولانا ابوالکلام آزاد اور علامہ اقبال کے یوم پیدائش اور اردو کے عالمی دن کے موقع پر اسکولی طلباء کے لیے مضمون نویسی اور تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔
ان مقابلوں میں ضلع مستقر کے 8 اسکولوں کے طلباء نے حصہ لیا۔

رافعہ بیگم صاحبہ، صدر معلمہ بالک مندر پرائمری اسکول، شیخ منیر ، گورنمنٹ پرائمری اسکول قلعہ نے ججز کے فرائض انجام دیئے۔ طلبا کی کثیر تعداد نے جوش و خروش سے ان مقابلہ جات میں حصہ لیا۔
طلباء سے خطاب کرتے ہوئے منتظمین نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد ایک آزادی پسند تھے اور آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ابوالکلام آزاد نے نوجوانوں کو سماجی اور تعلیمی لحاظ سے ترقی کرنے اور ملک کی ترقی میں حصہ لینے کی صلاح دی۔
شاعر علامہ محمد اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے قرآن و حدیث کی تعلیمات لکھیں تاکہ تمام لوگ ان کو سمجھ سکیں۔ انہوں نے ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘‘ قومی ترانہ پیش کیا جو کہ ہندوستانیوں کے ذہنوں میں ہمیشہ کے لیے زندہ رہے گا ۔
پروگرام میں گورنمنٹ ہاسئی اسکول گرلز عادل آباد،ضلع پریشد ہائی اسکول کے آر کے کالونی، گورنمنٹ پرائمری اسکول خانہ پور اردو میڈیم، گورنمنٹ پرائمری اسکول بالک مندر عادل آباد، گورنمنٹ ہائی اسکول قلعہ، گورنمنٹ گزیٹیڈ ہائی اسکول عادل آباد، نونہال اردو ہائی اسکول، شمع اردو اسکول، عزیزیہ اردو اسکول سے تعلق رکھنے والے طلباء نے حصہ لیا۔
سیوا فاؤنڈیشن کے صدر خواجہ سراج الدین نے بتایا کہ مقابلوں میں کامیاب طلباء کو انعامات اس ماہ کی 11 تاریخ کو نیو بجرنگ فنکشن ہال میں دوپہر 2 بجے دیئے جائیں گے نیز اردو کے سرکاری و خانگی مدارس کے اساتذہ و اردو صحافیوں کی تہنیت بھی پیش کی جائے گی۔
اس موقع پرسیوا فاؤنڈیشن کے ذمہ داران رضوان خان، سجیل میمن، سمیر خان، تبریز خان، شیخ اسماعیل، شیخ ابرار، محمد جاوید، طلحہ، اقبال پٹیل اور دیگر نے شرکت کی۔

