شدید بارش کے پیش نظر پانچ اضلاع کے اسکولوں کو دو دن تعطیل کا اعلان

گریٹر حیدر آباد کے حدود میں واقع اسکولس کو بھی نصف یوم تعطیل رہے گی

حیدرآباد:

انڈیا مٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کی جانب سےریاست بھر میں شدید بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر ریاستی محکمہ تعلیمات کے عہدیداران نے تلنگانہ کے پانچ اضلاع میں چہارشنبہ اور جمعرات(13اور14اگست) کو اسکولوں کو تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے احکامات جاری کیے ہیں۔ ورنگل، ہنمکنڈہ، جنگاؤں،محبوب آباد،اوریادادری بھوناگیری اضلاع کے سرکاری و خانگی اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ محکمہ تعلیمات نے گریٹر حیدر آباد کے علاقہ کے اسکولوں کو بھی چہارشنبہ اور جمعرات کو نصف یوم تعطیل کا علان کیا ہے جبکہ صرف صبح کے اوقات میں ہی اسکولس چلائے جائیں گے اور دوپہر میں تعطیل رہے گی۔
قبل ازیں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انچارج وزراء اور عہدیداروں کو شدید بارش کے پیش نظر چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کمانڈ کنٹرول سنٹر حیدر آباد سے ضلع کلکٹروں سے ویڈیو کانفرنس منعقد کی اور انھیں شدید بارش کے پیش نظر ضروری اقدامات کی ہدایات دیں۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے تمام محکموں کے ملازمین کی تین دن کی چھٹیاں منسوخ کرنے کا حکم بھی دیا۔