عادل آباد : 29/اپریل (اپنا وطن نیوز)
حلقہ پارلیمان عادل آباد (ایس ٹی)ریزرو سے جملہ 12 امیدواران انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزمائی کریں گے۔
پرچہ نامزدگی سے دستبرداری کے بعد آج ریٹرننگ آفیسر حلقہ پارلیمان عادل آباد و ضلع کلکٹر عادل آباد نے اس خصوص میں تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جملہ 12 امیدواران انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔
بی آر ایس سے آترم سکو، کانگریس سے آترم سوگنا، بی جے پی سے گوڈم نگیش، بی ایس پی سے میسرم جنگو باپو، گونڈوانا ڈنڈکرنیا پارٹی سے کے۔وامن راؤ، دھرما سماج پارٹی سے گنگا دیوی میسرم ، انڈیا پرجا بندھو پارٹی سے گیڈم ساگر، انا وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے چوان سدرشن، ودیارتھلا راجکیا پارٹی سے این۔تروپتی، الائنس آف ڈیموکریٹک ریفارمس پارٹی سے ایم۔سیام لال نائک، جبکہ آزاد امیدواران کی حیثیت سے بوکیا جئے ونت راؤ اور راتھوڑ سبھاش انتخابی میدان میں ہیں۔

واضح ہوکہ حلقہ پارلیمان عادل آباد جو کہ (ایس ٹی ریزرو) سیٹ ہے میں 7 حلقہ جات اسمبلی سرپور، آصف آباد، خانہ پور، عادل آباد، بوتھ، نرمل اور مدہول آتے ہیں ۔
اس حلقہ پارلیمان میں جملہ 1650175 رائے دہندے ہیں جن میں 804875 مرد رائے دہندے اور 845213 خاتون رائے دہندوں کے علاوہ 87 دیگر رائے دہندے شامل ہیں۔
چوتھے مرحلہ کے طور پر اس حلقہ پارلیمان پر 13/مئی کو رائے دہی منعقد ہوگی جس کے لئے ضلع انتظامیہ اور الیکشن کمیشن کی جانب سے موثر انتظامات روبہ عمل لائے جارہے ہیں۔

