بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے نتیش کمار کی پارٹی کا مطالبہ

این ڈی اے  کی آزمائشوں کا آغاز!

پٹنہ: 29/جون(اپنا وطن نیوز)
مرکز میں حکومت کے قیام کو ابھی ایک ماہ بھی مکمل نہیں ہوا کہ نتیش کمار کی قیادت والی جے ڈی یو پارٹی، جو کہ مرکز میں این ڈی اے مخلوط حکومت میں شراکت دار بھی ہے، نے مودی حکومت کو سخت آزمائش میں مبتلا کرنا شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج یعنی ہفتہ جنتا دل (یونائیٹڈ) کی قومی ایگزیکٹو میٹنگ  منعقد ہوئی۔ اس میں پارٹی نے بہار کے لیے خصوصی ریاست کا درجہ یا مالیاتی پیکیج کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی۔
اس کے علاوہ یوجی سی نیٹ امتحان کا سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے معاملے میں ملزمان کو سخت سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
امتحانات میں بے قاعدگیوں کو روکنے کے لیے پارلیمنٹ میں خصوصی اور سخت قانون کی درخواست کی گئی ہے۔
اجلاس کے بعد جنتادل یونائٹیڈ کے قائدین نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ریاست بہار کو خصوصی درجہ کا مطالبہ کوئی نیا مطالبہ نہیں ہے بلکہ یہ برسوں سے چلا آرہا ہے۔اس مانگ کی تکمیل کے بعد ریاست کی ہمہ جہت ترقی ممکن ہوسکے گی ۔