حیدر آباد: 21/اگست (اپنا وطن نیوز)
بی آر ایس کی جانب سے آج جاری کی گئی انتخابی امیدواروں کی فہرست میں کچھ اسمبلی حلقوں سے امیدواروں کو تبدیل کیا گیا ہے۔ ان کی جگہ پر چند نئے چہرے انتخابات میں حصہ لیں گے۔
خود وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ گجویل کے علاوہ حلقہ اسمبلی کاماریڈی سے انتخابی میدان میں اتریں گے۔ بتایا جارہا ہے کہ کاماریڈی سے ان کے خلاف کانگریسی امیدوار کے طور پر سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر مقابلہ آرائی کرسکتے ہیں۔
اسی طرح متحدہ ضلع عادل آباد کی تین اسمبلی نشستوں پر بھی امیدواران کی تبدیلی لائی گئی ہے۔
حلقہ اسمبلی خانہ پور سے موجودہ رکن اسمبلی ریکھا شیام نائک کو تبدیل کیا جاکر ان کی جگہ پر کے ٹی آر کے قریبی مانے جانے والے بھوکیا جانسن نائک کو امیدوار بنایا گیا ہے۔
اسی طرح حلقہ اسمبلی بوتھ سے موجودہ رکن اسمبلی راتھوڑ باپوراؤ کی ٹکٹ کو کاٹتے ہوئے ان کی جگہ پر نریڈی گنڈا کے متوطن انیل جادھو کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اسی طرح حلقہ اسمبلی آصف آباد کے موجودہ رکن اسمبلی آترم سکو کی جگہ موجودہ ضلع پریشد چیرمین کووا لکشمی کو پارٹی امیدوار بنایا گیا ہے۔ مانا جارہا ہے کہ 2024 پارلیمانی انتخابات میں آترم سکو کو بی آر ایس پارٹی امیدوار بنا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ حلقہ اسمبلی اپل میں بنڈارو لکشما ریڈی، ویمل واڑہ حلقہ اسمبلی سے چلمیڈا لکشمنارسمھا راؤ، اسٹیشن گھن پور سے کڈیم سری ہری ، ویرہ سے مدن لال، اور کورٹلہ سے کلواکنٹلا سنجے کو بی آر ایس نے اپنا پارٹی امیدوار بنایا ہے۔

