عادل آباد : کانگریس لیڈر کندی سرینواس ریڈی کی معطلی منسوخ

عادل آباد : 25 ؍ اگست (اپنا وطن نیوز)

عادل آباد کے متوطن ریاستی قائد کانگریس مسٹر کندی سرینواس ریڈی کی کانگریس پارٹی سے معطلی کو منسوخ کردیا گیا ہے۔

تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگزار صدر مہیش کمار گوڑ نے اس خصوص میں احکامات جاری کئے۔

اپنی بحالی پر کندی سرینواس ریڈی نے صدر پردیش کانگریس مسٹر ریونت ریڈی اور مہیش کمار گوڑ سے اظہار تشکر کیا۔ انھوں نے حلقہ اسمبلی کے عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے اور اپنی فلاحی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا۔

واضح ہو کہ کچھ یوم قبل ضلع صدر کانگریس کمیٹی ساجد خان نے کندی سرینواس ریڈی کو کانگریس پارٹی سے 6 سال کے لئے برطرف کردیا تھا تاہم آج ریاستی کمیٹی نے ان کی اس معطلی کو منسوخ کردیا ہے۔

سابق میں ضلع مستقر عادل آباد پر منعقدہ بی سی گرجنا نامی پروگرام میں شرکت کے دوران مقامی کانگریس کے دو گروپوں میں ہاتھا پائی ہوئی تھی جس کے بعد ضلعی صدر نے کندی سرینواس کو پارٹی سے برطرف کردیا تھا۔ اس پروگرام میں سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ نے شرکت کی تھی۔

کندی سرینواس ریڈی کی معطلی کو واپس لئے جانے کے بعد ان کے حامیوں میں زبردست جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ موصوف حلقہ اسمبلی عادل آباد سے کانگریس ٹکٹ کے طاقتور دعویدار ہیں جب کہ ان کے مقابل صدر ضلع کانگریس ساجد خان، گنڈرت سجاتا بھی کانگریس ٹکٹ کی کوششوں میں مصروف ہیں۔