گورنمنٹ چیف وہپ داسیم ونئے بھاسکر کے ہاتھوں سلائی سنٹر کا افتتاح

میری کامیابی میں مسلم رائے دہندوں کا اہم رول۔آئندہ انتخابات میں بھی ساتھ دینے کی اپیل

مسلم میناریٹی ویلفیئر سوسائٹی ہنمکنڈہ کے زیراہتمام سلائی سنٹر کی افتتاحی تقریب سے داسیم ونئے بھاسکر کا خطاب

ہنمکنڈہ: 4/اکتوبر (اپنا وطن نیوز)

ریاست کے تمام طبقات کی یکساں فلاح و بہبود اور بالخصوص اقلیتوں کی فلاح و بہبود حکومت تلنگانہ کا مشن ہے جس کو نظر میں رکھتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ اپنی پالیسیوں کو روبہ عمل لارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ چیف وہپ داسیم ونئے بھاسکر نے کیا۔

وہ مسلم میناریٹی ویلفیئر سوسائٹی ہنمکنڈہ کے زیراہتمام منعقدہ پروگرام میں شرکت کے موقع پر ایک پروگرام کو مخاطب کررہے تھے۔ 

انھوں نے تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے تحت مسلم میناریٹی ویلفیر سوسائٹی کی جانب سے قائم کردہ عصری ٹیلرنگ سنٹر کا افتتاح چیر مین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن مسٹر امتیاز اسحاق کے ہمراہ کیا۔ 

اس موقع پر منعقدہ پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے گورنمنٹ چیف وہپ داسیم ونئے بھاسکر نے کہا کہ کانگریس نے اس ملک پر 70 سال سے زائد عرصہ تک حکمرانی کی تاہم مسلمانوں کو صرف اپنے  ووٹ بینک کی طرح استعمال کرتی رہی۔ اس پارٹی نے اقلیتوں کی ٹھوس ترقی کے لئے سنجیدہ اقدامات نہیں کئے جس کا نتیجہ ہے کہ ملک بھر کے مسلمان تعلیمی و معاشی طور پر دلتوں سے بھی پچھڑے ہوتے چلے گئے۔

تاہم علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں بی آر ایس حکومت نے تمام طبقات کے ساتھ ساتھ اقلتی طبقہ کی معاشی و سیاسی  ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کا آغاز کیا جس کی مثال ریاست بھر میں 200 سے زائد ٹمریز اسکولس و کالجس کا قیام، شادی مبارک اسکیم، امام و موذنین کو ماہانہ اعزازیہ کی فراہمی، مساجد کی تعمیر و ترقی پر کروڑہا روپیوں کی منظوری وغیرہ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت ٹمریز اسکولس کے تحت  ہر طالب علم پر 1,20,000 روپے سالانہ خرچ کررہی ہے تاکہ طلبائ کارپوریٹ طرز کی تعلیم حاصل کرسکے اور اس کے ثمر آور نتائج بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

انھوں نے اپنے آپ کو خوش قسمت قرار دیا کہ وہ کے سی آر کی قیادت والی حکومت کا حصہ ہیں جو کہ اقلیتوں کی فلاح  و بہبود کے ساتھ ساتھ ریاست کے غریب عوام کی ترقی کے لئے کام کررہی ہے۔

داسیم ونئے بھاسکر نے یہ بھی کہا کہ طبی میدان میں بہت سی انقلابی تبدیلیاں لائی گئی ہیں اور ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس سے غریب عوام کو علاج و معالجہ کی بہتر سہولتیں فراہم ہوئی ہیں۔

انہوں نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سیاسی جماعت عوام میں نفرت و ایک دوسرے سے عداوت کو بڑھاوا دیتے ہوئے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے تاہم عوام  کو ایسی جماعتوں سے ہوشیار رہتے ہوئے سیکولر و بھائی چارگی کو فروغ دینے والی جماعتوں کا ساتھ دینا ہوگا۔

داسیم ونئے بھاسکر نے اعتراف کیا کہ ان کی سیاسی زندگی کی ہر کامیابی کے پیچھے مسلم رائے دہندوں کا تعاون رہا ہے جس کی وجہ سے وہ سیاسی طور پر ایک مقام حاصل کرسکے۔ انھوں نے مسلم رائے دہندوں اور مسلم طبقہ کے عوام سے اظہار تشکر کیا اور مستقبل میں بھی ان کے ساتھ دینے کی اپیل کی۔

انہوں نے بتایا کہ جس طرح کورونا وبا کے دوران انھوں نے عوامی خدمات انجام دی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران ہر کوئی ووٹ لینے آتا ہے، آپ ایسے لیڈر کا انتخاب کریں جو آپ کے لیے کام کرے اور جو آپ کو ہر وقت مشکل وقت میں دستیاب ہو۔

جب بھی اقلیتوں کو میری ضرورت ہوگی میں ہر وقت آپ کی خوشیوں  و غم میں برابر کا شریک رہوں گا اور ایک خاندان کے فرد کی طرح عوامی خدمت کو اپنا شعار بناؤں گا۔

انھوں نے مسلم میناریٹی ویلفیئر سوسائٹی ہنمکنڈہ کے ذمہ داران سے اظہار تشکر کرتے ہوئے ان کی کوششوں کی سراہنا کی اور کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے کئے جارہے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

اس پروگرام میں اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے چیرمین امتیاز اسحاق، ڈسٹرکٹ لائبریری کارپوریشن کے چیرمین عزیز خان، مقامی کارپوریٹرس، مسلم مذہبی قائدین اور علما اکرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔