عادل آباد : 10/اکتوبر (اپنا وطن نیوز)
تلنگانہ کے حلقہ اسمبلی عادل آباد سے کانگریس ٹکٹ کے طاقتور دعویدار مسٹر کندی سرینواسا ریڈی پر انتخابی ضابطہ کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق این آر آئی مسٹر کندی سرینواسا ریڈی اپنے فاؤنڈیشن کے تحت حلقہ اسمبلی عادل آباد کی خواتین میں تقریبا 45 ہزار پریشر کوکر تقسیم کرنے کا پروگرام چلارہے تھے اور وہ پچھلے چند ماہ سے خواتین میں بطور تحفہ پریشر کوکر کی تقسیم بھی عمل میں لارہے تھے۔

تاہم انتخابی ضابطہ عمل کے نفاذ کے بعد بھی پریشر کوکرس کی تقسیم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی اطلاعات ہیں۔
ایک ماہ قبل بھی مقامی پولیس نے عادل آباد میں موجود ایک گودام پر دھاوا کرتے ہوئے ان کے فاؤنڈیشن کی جانب سے جمع کئے گئے 24 ہزار پریشر کوکرس کو ضبط کرلیا تھا اور اس معاملہ کو انکم ٹیکس عہدیداران سے رجوع کیا تھا۔
بعد ازاں انکم ٹیکس عہدیداران کی جانب سے انھیں کوکرس کی خریداری کے بعد ٹیکس کی ادائیگی میں کلین چٹ دی گئی تھی جس کے بعد سے انھوں نے حلقہ اسمبلی عادل آباد کی ہزاروں خواتین میں ان کوکرس کی تقسیم عمل میں لائی تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ ان کی جانب سے اپنا یا گیا یہ فارمولا دراصل نارا بھارت ریڈی کی انتخابی مہم سے لیا گیا تھا جنہوں نے مئی 2023 کے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں بیلاری سیٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔

