بودھن میونسپل چیر مین کی کانگریس میں شمولیت

بودھن : 16/اکتوبر (اپنا وطن نیوز)

ضلع نظام آباد کے تاریخی شہر بودھن میں بی آر ایس پارٹی کو جھٹکہ لگا ہے۔ آج بی آر ایس پارٹی سے تعلق رکھنے والے میونسپل چیرمین پدما شرت ریڈی نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

اطلاعات کے مطابق ان کے ہمراہ بی آر ایس پارٹی سے وابستہ چند کونسلرس نے بھی کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔

انھوں نے آج حیدر آباد میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور ان کی موجودگی میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

قبل ازیں ریونت ریڈی نے ان تمام بی آر ایس قائدین کا کانگریس میں خیرمقدم کرتے ہوئے انھیں پارٹی کھنڈوے پہنائے۔

اس موقع پر سابق ریاستی وزیر و ایم ایل اے امیدوار کانگریس پارٹی بودھن پی۔سدرشن ریڈی و دیگر قائدین موجود تھے۔

اس سے قبل میونسپل چیرمین کے شوہر نے کانگریس پارٹی میں شمولیت کے لئے جاتے ہوئے ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انھوں نے بودھن کی عوام سے اپیل کی کہ وہ موجودہ رکن اسمبلی شکیل عامر کو شکست سے دوچار کریں۔

انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ رکن اسمبلی نے عوام بالخصوص اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے 17 کونسلرس پر مختلف مقدمات عائد کرتے ہوئے انھیں ہراساں کیا ہے لہذا کئی کونسلرس ان انتخابات میں کانگریس امیدوار کا ساتھ دیں گے۔