ہنمکنڈہ میں وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی ،چیف وہپ ونئے بھاسکرکی پریس کانفرنس
ورنگل 20/ اکٹوبر (اپنا وطن نیوز)
کانگریس پارٹی اقتدار کے حصول کے لئے عوام سے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے عوام کو لبھانے کی کوشش کررہی ہے لیکن عوام ان کے جھانسے میں دوبارہ آنے والی نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر داخلہ جناب الحاج محمد محمود علی نے آ ج اپنے دورہ ورنگل کے موقع پر ایم ایل اے کیمپ آفیس ہنمکنڈہ میں چیف وہپ ونئے بھاسکر کے ساتھ ملکر پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے ریاست میں 50سال اور تلگو دیشم پارٹی نے 18سال حکومت کی لیکن کبھی تعلیم پر توجہ نہیں دی ۔

آج چیف منسٹر کے سی آر ریاست کی عوام کو تعلیم سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں ریاست بھر میں ٹمریز ،گروکل ،میڈیکل کالجیس تعمیر کررہے ہیں ۔ٹمریز میں اقلیتی طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے ۔
اسی طرح بیرون ملکوں میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے اوور سیز اسکالر شپس فراہم کررہی ہے جس کی کسی ریاست میں مثال نہیں ملتی ۔کالیشوم پراجیکٹ تعمیر کیا گیا ۔عوام کو مشن بگھیرتا کا شفاف پانی فراہم کیا جارہا ہے ۔
غریب و مستحقین ،بیڑی ورکرس ،معذورین اور دیگر کئی لوگوں کو وظائف فراہم کئے جارہے ہیں ۔جس میں عنقریب اضافہ بھی کیا جانے والا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ بی آر ایس یہی چاہتی ہے کہ ریاست کے عوام اور ریاست ترقی کرے ۔اسی مقصد کو لیکر چیف منسٹر کے سی آر کئی ایک فلاحی اسکیمات کو متعارف کروایا جاکر روبہ عمل لایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی میں ہر لیڈر اپنے آپ کو چیف منسٹر کہہ رہا ہے ۔جبکہ کانگریس کی حالت یہ ہے کہ تلنگانہ میں اب جو نشستیں ہیں ان نشستوں پر بھی کامیاب ہونے کے موقف میں نہیں ہے ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ گنگاجمنی تہذیب کو فروغ دے رہی ہے اس کا اثر یہ ہوا کہ گنیش تہوار کے موقع پر مسلمانوں نے عید میلاد النبیؐ کو ملتوی کردیا ۔ ایسی مثال ملک میں کہیں نہیں ملتی ۔
اس کے علاوہ عوام بی آر ایس کی طرف دیکھ رہی ہے اور ملک کی عوام تلنگانہ ریاست جیسی ترقی چاہتی ہے ۔
انہوں نے کانگریس کو ووٹ دینے کو دھوکہ کھانے کے مترادف کہا ۔بی آر ایس حکومت میں ریاست کی زبردست ترقی ہورہی ہے اور آئندہ مزید ترقی ہوگی ۔
انہوں نے تمام بی آر ایس امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے ۔
بی آر ایس پارٹی امیدوار ونئے بھاسکر نے کہاکہ بی آر ایس پر دیگر پارٹیوں کے افراد غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں جبکہ ان کا موقف یہ ہے کہ یہ لوگ ابھی تک اپنے امیدواروں کے ناموں تک کا اعلان نہیں کرسکے ۔
کانگریس اپنے جھوٹے وعدوں کے ذریعہ کبھی کامیاب نہیں ہوگی ۔
اس موقع پر مولانا محمد یوسف زاہد المظاہری چیرمین کھادی ولیج بورڈ حکومت تلنگانہ ،عزیز خان ضلع لائبریری چیرمین ، بی آر ایس قائدین مری یادو ریڈی ،محمد عبدالقدوس ،محمد خلیل ،محمد عبدالصمد ،ڈاکٹر اکبر ،قاسم خان بیابانی اوربی آر ایس کارکنموجو د تھے ۔

