مسلمان کانگریس پارٹی کے غلط پروپگنڈے میں نہ آئیں

ہنمکنڈہ میں بی آر ایس پارٹی مینوفیسٹو کا اجراء

اقلیتی قائدین نعیم الدین ،محمد عبدالقدوس کی پریس کانفرنس

ہنمکنڈہ: 26/اکتوبر (اپنا وطن نیوز)
بالا سمدرم ہنمکنڈہ میں واقع بی آر ایس آفس میں آج اقلیتی لیڈروں کی جانب سے بی آر ایس مینوفیسٹو کا اجراء کیا گیا ۔
بعد ازاں محمد نعیم الدین صدر اقلیتی سیل اور محمد عبدالقدوس سینئر بی آر ایس قائد نے پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ سوشل میڈیا پر چند لوگوں کی جانب سے یہ گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جارہا ہے کہ تمام مسلم اقلیت کانگریس پارٹی کی تائید کررہی ہے یہ صرف مسلمانوں کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے جس کی انہوں نےسختی کے ساتھ مذمت کی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں اقلیتوں کی ترقی و فلاح کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔مقامی ایم ایل اے و گورنمنٹ چیف وہپ داسیم ونئے بھاسکر بھی اپنے حلقہ اور حلقہ کی عوام کی فلاح کے لئے کام کیا ہے اور کررہے ہیں ۔
حکومت کی جانب سے اقلیتوں کو شادی مبارک اسکیم کے تحت 1لاکھ 116روپئے فراہم کئے جارہے ہیں ۔مسلم طلباء کو معیار ی تعلیم کی فراہمی کے لئے ریاست بھر میں ٹمریز اسکولس و کا لجس کا جال بچھادیا گیا ہے۔
اسی طرح آسرا پنشن کے تحت 2116اور معذوین کے لئے 4000روپئے فراہم کئے جارہے ہیں اور انتخابات کے بعد اس رقم میں مزید اضافہ کا اعلان کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر تلنگانہ میں تعلیم اور طب پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔
مسلمانوں میں تعلیم شعور بیدار ہوا ہے جس کی وجہ سے آج طلباء نیٹ میں 750مفت نشستیں حاصل کرچکے ہیں ۔بی آر ایس حکومت کے 10سالوں میں ریاست میں امن و امان برقرار ہے ۔
اس کی برقراری کے لئے اقلیتوں کو چاہیے کہ وہ بی آر ایس پارٹی کے امید واروں کو بھاری اکثریت سے کامیابی دلائیں ۔
اس پریس کانفرنس میں سینئر بی آر ایس اقلیتی قائدین محمد سونی ،محمد خلیل احمد ،محمد محمود ،محمد افضل ،قاسم خان بیابانی ،ڈاکٹر اکبر ،عبدالستار ،صادق ،اسماعیل ،شوکت ،تسلیم ،پروین ،یسین اور دیگر لوگ موجود تھے ۔