ہنمکنڈہ میں ’ دسہرہ ملن ‘ پروگرام کا انعقاد ۔چیف وہپ ونئے بھاسکر کا خطاب
ہنمکنڈہ : 26/اکتوبر (اپنا وطن نیوز)
رکن اسمبلی ورنگل ویسٹ و گورنمنٹ چیف وہپ داسیم ونئے بھاسکر نے کہاکہ ہمار ا ملک ہندوستان ابتداء ہی سے امن و شانتی کا گہوارہ رہا ہے ۔ یہاں کی مٹی اور آب و ہوا میں ہی ایک دوسرے کے لئے ہمدردی پیار و محبت ہے کوئی اسے ختم نہیں کرسکتا ،نفرت کا پرچار کرنے والے خو د اپنی لگائی ہوئی نفرت کی آگ میں جھلس جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ تمام مذاہب انسانیت کا درس دیتی ہیں ۔
ونئے بھاسکر نے آج اشونتا بھون بینکٹ ہال ہنمکنڈہ میں ’دسہرہ ملن ‘ پروگرام میں بہ حیثیت مہمان خصوصی مخاطب کیا ۔محمد عزیز خان دسٹرکٹ لائبریری چیرمین نے پروگرام کی صدارت کی ۔محمد عبدالقدوس نے پروگرام کی کاروائی چلائی ۔جناب وحید گلشن نے قومی یکجہتی پر نظم پیش کی ۔

اس موقع پر داسیم ونئے بھاسکر نے اپنی تقریر کو جاری رکھتے ہوئے کہاکہ مذہبی منافرت و فرقہ پرستی کے خاتمہ کے لئے مستقل جدوجہد کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے 10سالہ حکومت میں ریاست میں کبھی کوئی فساد نہیں ہوا ۔چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں تمام مذاہب پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔گنگاجمنی تہذیب کو فروغ دیا جارہا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ پورے ملک میں ریاست تلنگانہ واحد ریاست ہے جہاں ہر شخص پر امن زندگی گزار رہاہے ۔
اس کے علاوہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے تمام تہواروں کو سرکاری طور پر منعقد کئے جارہے ہیں ۔دسہر ہ، بتکماں ،کرسمس ،اور دیگر تہواروں کو بڑے پیمانے پر منایا جارہا ہے ۔
رکن اسمبلی نے اس پروگرام میں تمام مذاہب کے افراد کی شرکت پر تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر بھدراکالی شیشو نے سورہ اخلاص پڑھ کر اس کا ترجمہ سناتے ہوئے کہاکہ تمام لوگوں کا خدا ایک ہے ۔نہ وہ کسی کی اولاد ہے اور نہ وہ کسی سے جنا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد یہاں پر امن ماحول ہے ۔تمام مذاہب کے لوگ اپنے اپنے تہوار آزادانہ طور پر خوشی کے ساتھ منارہے ہیں ۔اس طرح کے پروگرام سے تمام مذاہب کے لوگوں سے آپس میں ملنے کا موقع ملتا ہے ۔جناب تلگو افضل نے سنسکرت میں کئی ایک اشلوک پڑھ کر سنایا ۔اور کہاکہ دراصل دسہرہ تہوار بدی پر فتح ہے ۔
مولانا محمد یوسف زاہد المظاہری چیرمن کھادی ولیج بورڈ نے کہاکہ منافرت پھیلانے والے ملک میں چند لوگ ہیں جبکہ محبت کرنے والوں کی اکثریت ہے اور یہ ملک آپسی اتحاد سے ہی ترقی کریگا۔انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ ملک کے لئے مثال ہے ۔
اس اجلاس کو پاسٹر اڑوملا بھاسکر ،سردار مہندر سنگھ ،مولانا محمد منور حسین جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء ورنگل ،پاسٹر این سریش اور دیگر نے مخاطب کیا ۔
اس موقع پر بی آر ایس اقلیتی قائدین محمد نعیم الدین ،محمد خلیل احمد ،قاسم خان بیابانی ،محمد عبدالصمد ،ڈاکٹر اکبر کے علاوہ ہندو ،مسلم ،سکھ ،عیسائی طبقہ کے لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

