حیدر آباد : 01/نومبر (اپنا وطن نیوز)
سابق رکن پارلیمنٹ و سرکردہ بی جے پی قائد تلنگانہ مسٹر وویک وینکٹ سوامی نے آج کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
انھوں نے حیدر آباد کی ایک خانگی ہوٹل میں کانگریس قائد راہول گاندھی سے اپنے فرزند ومشی کرشنا کے ہمراہ ملاقات کی اور بعد ازاں کانگریس میں اپنی شمولیت کا اعلان کردیا۔
راہول گاندھی سے ملاقات اور کانگریس میں شمولیت کے بعد انھوں نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ تلنگانہ کی عوام کو انصاف دلانے کی خاطر کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے ہیں جو کہ موجودہ طور پر بی آر ایس کو شکست سے ہمکنار کرنے کے لئے سب سے زیادہ طاقتور ہے۔
قبل ازیں صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ریونت ریڈی نے کانگریس میں وویک وینکٹ سوامی کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پارٹی کو 100 ہاتھیوں کی طاقت ملی ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے وہ اقتدار حاصل کرے گی۔
انھوں نے کہا کہ وینکٹ سوامی کا خاندان گذشتہ کئی دہائیوں سے کانگریس پارٹی کا وفادار رہا ہے۔
وویک وینکٹ سوامی کی بی جے پی سے کانگریس میں شمولیت کو ان کی گھر واپسی قرار دیا جارہا ہے۔ سابق میں انھوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی اور تلنگانہ بی جے پی کے سرکردہ قائدین میں ان کا شمار کیا جاتا تھا۔
علحدہ ریاست تلنگانہ کی تحریک کے دوران بحیثیت رکن پارلیمان انھوں نے بھی دیگر قائدین کے ہمراہ تحریک میں حصہ لیا تھا۔
کانگریس پارٹی میں ان کی دوبارہ شمولیت سے اس پارٹی کو جہاں سیاسی طور پر فائدہ پہنچا ہے وہیں وویک وینکٹ سوامی کے نیوز چیانل ’’V6‘‘ اور تلگو روزنامہ ’’ویلگو‘‘ کے ذریعہ بھی کانگریس پارٹی کو زبردست فائدہ پہنچنے کی امید کی جارہی ہے۔

