بی آر ایس حکومت خانگی تعلیمی اداروں کے تحفظ کی پابند

ورنگل میں اساتذہ کے کنونشن سے بی۔ونود کمار اور داسیم ونئے بھاسکر کا خطاب

ورنگل : 5/نومبر (ایجنسیز)
نائب صدر نشین منصوبہ بندی کمیشن مسٹر بی ونود کمار نے خانگی اسکولوں کے اساتذہ کے حقوق کے لئے جدوجہد کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تدریس ایک عظیم پیشہ ہے۔اساتذہ ہی قوم کے معمار ہوتے ہیں لہذا ان کو لاحق پریشانیوں کا تدارک بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انھوں نے آج مقامی ایس وی کنونشن ہال میں تقریبا 2500 خانگی اساتذہ کے لئے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی اور مخاطب کیا۔ مذکورہ اجلاس ودیا ونتولا آتمیا سمیلن کے نام سے منعقد کیا گیا تھا جس میں شہر کے خانگی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کے علاوہ منتظمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے مسٹر بی۔ونود نے کہا کہ حکومت کی جانب سے خانگی تعلیمی اداراہ جات کو سہولیات بہم پہنچانے، خانگی مدارس کے طلبائ کو بروقت حکومتی اسکالرشپس کی اجرائی اور اساتذہ کے دیگر مسائل کو حل کرنے کی سنجیدہ کوشش کریں گے۔ ضرورت پڑنے پر وہ پارلیمنٹ میں بھی اس موضوع پر آواز اٹھانے کی سعی کریں گے۔
اس موقع پر بی آر ایس امیدوار حلقہ اسمبلی ورنگل (مغرب) مسٹر دانیم ونئے بھاسکر نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ خانگی اساتذہ اور منتظمین بی آر ایس پارٹی امیدواران کی تائید کریں تاکہ ریاست تلنگانہ کے تعلیمی نظام میں مزید بہتری کی جاسکے۔
انھوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات میں صرف اساتذہ کا احترام کیا جاتا ہے۔ شہر میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے آئی ٹی ٹاور کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خانگی مدارس کے اساتذہ اپنی ملازمت، مالی اور صحت کے تحفظ کی ضمانت، ہاؤسنگ سوسائٹی سے امکنہ جات کی فراہمی جیسے فوائد سے مستفید ہوں گے۔
اس موقع پر مختلف خانگی اساتذہ تنظیموں کے قائدین نے داسیم ونئے بھاسکر کی تائید کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے لیڈر ہیں جو ہمیشہ نجی کالجوں اور یونیورسٹیوں کی حمایت کرتا ہے۔وہ ہمیشہ خانگی مدارس و کالجوں کے مسائل کو حل کرنے کی سنجیدہ کوششیں کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ورنگل ریاست بھر میں اپنے تعلیمی نظام کے لئے پہلے مقام پر جانا جاتا ہے۔ 
یہی نہیں بلکہ پرائیویٹ اساتذہ کو کورونا کے دور میں باعزت تنخواہ ملتی دیکھی گئی۔ طلبہ کے لیے فیس کی ادائیگی اور اسکالرشپ کے حوالے سے اقدامات کیے گئے ہیں۔
اس پروگرام میں  صدر ستیش، کاکتیہ یونیورسٹی مینجمنٹ اسوسی ایشن کے صدر رویندر، پرائیویٹ جونیئر کالج کے صدر رام مورتی، تراسما ضلع کے اعزازی مشیر رمیش راؤ، رابندر ناتھ، سریکانت ریڈی، راجیش، مکتیسوا، آر، سرینواس، کشن، جینا ریڈی، سرینواس ریڈی اور دیگر موجود تھے۔