بی جے پی ریاست میں نفرت کے بیج بو رہی ہے
بی جے وائی ایم اور کانگریس کے سینکڑوں نوجوانوں کی بی آر ایس میں شمولیت۔داسیم ونئے بھاسکر کا خطاب
ورنگل: 8/نومبر (اپنا وطن نیوز)
بی آر ایس حکومت میں نوجوانوں کی فلاح و درخشاں مستقبل پوشیدہ ہے جبکہ بی جے پی نوجوانوں کو نفرت کی آگ میں ڈھکیلتے ہوئے ان کے مستقبل سے کھلواڑ کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیدوار بی آر ایس پارٹی حلقہ اسمبلی ورنگل مغرب مسٹر داسیم ونئے بھاسکر نے کیا۔
وہ آج بی جے پی و کانگریس پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے 250 نوجوانوں کی بی آر ایس پارٹی میں شمولیتی تقریب کو مخاطب کررہے تھے۔

اس موقع پر انھوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نوجوانوں کی بھلائی کے کام کررہی ہے۔ کانگریس اور بی جے پی اپنی خود غرض سیاست کے لیے نوجوانوں کا استعمال کر رہی ہیں اور ان نوجوانوں میں نفرت کے بیج بو رہی ہے جو کہ ملک کے مستقبل کے لئے ٹھیک نہیں ہے۔
انھوں نے بی جے وائی ایم کے ریاستی ایگزیکٹو ممبر کلوری پون اور ان کے ہمراہ دیگر نوجوانوں کی بی آر ایس میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نفرت کی سیاست سے تنگ آکر گنگا جمنی تہذیب کو پسند کرنے لگے ہیں ۔ یہ بی آر ایس کا ہی کارنامہ ہے کہ وہ تمام طبقات کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتی ہے۔
قبل ازیں کانگریس قائدین کوڈاکنڈلا سنی نے اپنے تقریباً 100 حامیوں کے ساتھ بی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر کوڈا کنڈلا سنی نے کہا کہ بی آر ایس حکومت کی جانب سے ساڑھے 9 سالوں میں شروع کی گئی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمیں ملک کے لیے مثالی ہیں۔
پروگرام میں کارپوریٹر سوڈا کرن، وسالی سنتوش، میگھناتھ راہل، گوڈیشالہ وشنو، ٹھاکر روہت سنگھ و دیگر موجود تھے۔

