عادل آباد : آزاد امیدوار کی حیثیت سے سنجیو ریڈی نے پرچہ نامزدگی داخل کیا

سابق کانگریسی قائدین ساجد خان اور گنڈرت سجاتا کی سنجیو ریڈی کو تائید

عادل آباد : 10/نومبر (اپنا وطن نیوز)

سابق ریاستی وزیر و عادل آباد و قد آور کانگریس قائد آنجہانی رامچندر ریڈی کے بھانجے سنجیو ریڈی نے آج حلقہ اسمبلی عادل آباد سے بحیثیت آزاد امیدوار اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔

واضح ہو کہ حلقہ اسمبلی عادل آباد سے کانگریس امیدوار کا ٹکٹ کندی سرینواس کو دینے کے باعث کانگریس کے سینئر  قائدین ساجد خان صدر ضلع کانگریس، گنڈرت سجاتا سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی، سنجیو ریڈی سابق مارکٹ کمیٹی چیرمین نے اجتماعی طور پر کانگریس پارٹی سے اپنا استعفی دے دیا تھا۔

 

کانگریس کے باغی امیدوار کے طور پر سنجیو ریڈی نے SSS گروپ کی حمایت سے ایم ایل اے انتخاب میں بحیثیت آزاد امیدوار حصہ لینے کا فیصلہ کیا اور بالآخر  انھوں نے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔

قبل ازیں آنجہانی کانگریس قائد رامچندر ریڈی کے مکان سے سابق کانگریس قائدین و کارکنان کی ایک زبردست ریالی نکالی گئی جو کہ شہر کے ونائک چوک، اشوک روڑ، امبیڈکر چوک، سینما روڑ، نیتاجی چوک، این ٹی آر چوک، سے ہوتی ہوئی  کلکٹریٹ چوک پر اختتام پزیر ہوئی۔

اس موقع پر سابق ضلع صدر کانگریس مسٹر ساجد خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سنجیو ریڈی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے انھیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔