عوامی فلاح و بہبود کے لئے بی آر ایس کا اقتدار پر آنا ضروری

بی سی ویلفیر اسوسی ایشن کے ایک ہزار اراکین کی بی آر ایس میں شمولیت۔داسیم ونئے بھاسکر کی تائید کا اعلان

ہنمکنڈہ: 24/نومبر (اپنا وطن نیوز)

بی آر ایس پارٹی دفتر ہنمکنڈہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں بی سی ویلفیر اسوسی ایشن سے وابستہ اراکین کی بڑی تعداد نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔

اس پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی چیف وہپ و امیدوار حلقہ اسمبلی ورنگل(مغرب) داسیم ونئے بھاسکر نے شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں داسیم ونئے بھاسکر نے ادعا کیا کہ بی سی طبقہ اور گوڑ طبقہ کے تعاون کے باعث وہ بحیثیت رکن اسمبلی منتخب ہوتے آئے ہیں اور ان انتخابات میں بھی بی سی طبقات کی تائید نے ان کی کامیابی کو یقینی بنادیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ علحڈہ ریاست تلنگانہ کی تحریک میں صف اول میں رہتے ہوئے میں نے کئی ایک پروگراموں کا انعقاد عمل میں لایا ۔ انھوں نے یاد دلایا کہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں اس وقت کے ریاستی وزیر سیاحت چرنجیوی کے دورہ ورنگل کے موقع پر ان کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج کیا گیا تھا تاکہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل ممکن ہوسکے۔

انھوں نے کہا کہ ضلع ورنگل میں بی سی طبقہ کے لئے 19 کمیونٹی ہالس تعمیر  کئے جارہے ہیں۔اس کے علاوہ ایک بی سی بھون بھی تعمیر کیا گیا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کانگریس، بی جے پی اور تلگو دیشم کے دور اقتدار میں بی سی طبقات کی فلاح و بہبود کو یکسر نظر انداز کردیا گیا تھا۔

داسیم ونئے بھاسکر نے اجلاس میں موجود شرکا سے اپیل کی کہ وہ انھیں بحیثیت رکن اسمبلی منتخب کرتے ہوئے خدمت کا موقع فراہم کریں۔

بعد ازاں بی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد کو پارٹی کھنڈوا پہنا کر استقبال کیا گیا۔