حیدر آباد : 21/فروری (اپنا وطن نیوز)
کانگریس اقلیتی قائدین عادل آباد کے ایک وفد نے نو منتخبہ چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی سے ملاقات کرتے ہوئے انھیں مبارکباد پیش کی۔
حج ہاؤز نامپلی حیدر آباد میں آج سید عظمت اللہ حسینی نے باضابطہ بحیثیت وقف بورڈ چیرمین اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔
اس تقریب میں ان کے قریبی رفقا و کانگریس قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی جن میں قابل ذکر عادل آباد سے اقلیتی قائدین محمد عبدالخالق المعروف جانٹی، سید شاہ راشد الحق، شکیل احمد، سید شاہد علی، محمد رفیق، عبدالرحیم، امجد خان کے علاوہ کوٹناک تروپتی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر کانگریس قائدین نے سید عظمت اللہ کی بکثرت گلپوشی و شالپوشی کے ذریعہ انھیں تہنیت پیش کی اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
واضح ہو کہ نو منتخبہ چیر مین تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ سید عظمت اللہ ریاست آندھراپردیش میں این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بھی رہ چکے ہیں اور وہ یوتھ کانگریس میں بھی کئی اہم عہدوں پر فائز تھے۔

چند روز قبل بورڈ کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں متفقہ طورپر تمام ممبرس نے سید عظمت اللہ حسینی کو تلنگانہ وقف بورڈ کا چیرمین منتحب کرلیا تھا۔

