بی جے پی اور کانگریس کے مابین اصل مقابلہ کا امکان
عادل آباد : 28/مارچ (اپنا وطن نیوز)
کل ہند کانگریس کمیٹی نے حلقہ پارلیمان عادل آباد (ایس ٹی محفوظ)سے اپنے امیدوار کا اعلان کردیا ہے۔
آترم سوگنا اب کانگریس کی ٹکٹ پر اپنی قسمت آزمائیں گی۔ کانگریس کی جانب سے اعلان کردہ خاتون امیدوار کا تعلق آدی واسی طبقہ سے ہے۔
پیشہ سے سرکاری ٹیچر رہتے ہوئے انھوں نے ضلع عادل آباد کے آدی واسی طبقہ کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے لئے کئی طرح کی سماجی خدمات انجام دیں تھیں جسے دیکھتے ہوئے حالیہ دنوں کانگریس نے انھیں پارٹی میں شامل کرلیا تھا۔

انھوں نے اپنی ملازمت سے استعفی دیتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کی سرپرستی میں کانگریس کا دامن تھاما تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ ضلع انچارج وزیر سیتا اکا اور رکن اسمبلی خانہ پور ویڈما بوجو پٹیل نے آترم سوگنا کا نام آگے بڑھایا تھا۔

آترم سوگنا رکن اسمبلی خانہ پور ویڈما بوجوپٹیل سے ملاقات کرتے ہوئے۔
واضح ہو کہ عادل آباد لوک سبھا (ایس ٹی محفوظ) کی اس نشست کے لئے بی جے پی نے پہلے ہی سابق ریاستی وزیر جی۔نگیش کو جبکہ بی آر ایس نے سابق رکن اسمبلی آترم سکو کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔
دو مرد امیدواروں کے بالمقابل کانگریس نے خاتون امیدوار آترم سوگنا کو اپنا امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد اس نشست پر زبردست مقابلہ کی امید کی جارہی ہے۔
سرکردہ تینوں ہی سیاسی جماعتوں کے امیدواران کا تعلق آدی واسی طبقہ سے ہے لہذا بالخصوص بی جے پی اور کانگریس امیدواران کے درمیان اس طبقہ کے ووٹوں کی تقسیم کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔
لمباڑا طبقہ کے رائے دہندوں کی تعداد تقریبا 1 لاکھ 40 ہزار کے آس پاس ہے، اس طبقہ سے تینوں ہی سیاسی جماعتوں میں سے کسی نے بھی اپنا امیدوار نہیں ٹہرایا جس کے بعد اس طبقہ میں ناراضگی دیکھی جارہی ہے۔
قیاس لگایا جارہا ہے کہ لمباڑا طبقہ کا کوئی امیدوار کسی دوسری سیاسی جماعت کے نشان پر یا آزاد امیدوار کی حیثیت سے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لے گا ۔
سابق میں اس طبقہ سے رمیش راتھوڑ نے سال 2009 کے پارلیمانی انتخابات میں تلگودیشم پارٹی سے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی۔
واضح ہو کہ حلقہ پارلیمان عادل آباد کے تحت سات حلقہ جات اسمبلی عادل آباد،بوتھ، نرمل، مدھول، خانہ پور، آصف آباد اور سرپور آتے ہیں جن میں سے 4 پر بی جے پی اراکین اسمبلی نے کامیابی حاصل کی تھی۔
کانگریس نے صاف و شفاف کیرئیر کی حامل خاتون کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے ۔
ضلع انچارج وزیر سیتا اکا اور رکن اسمبلی خانہ پور ویڈما بوجو پٹیل کا تعلق بھی آدی واسی طبقہ سے ہے اور خود چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے حالیہ دنوں ضلع عادل آباد کے اندرویلی مقام کا دورہ کرتے ہوئے اس طبقہ کے مذہبی پروگراموں میں شرکت کی تھی جس سے اندازہ لگایا جارہا ہے کہ آدی واسی طبقہ کی بڑی تعداد کانگریس امیدوار کی تائید کرے گی۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق حلقہ پارلیمان عادل آباد میں بی سی طبقہ اور لمباڑا طبقہ کے رائے دہندوں کا فیصلہ انتخابی نتائج پر اثر انداز ہوگا ۔
اصل مقابلہ بی جے پی اور کانگریس امیدواران کے مابین ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ بی آر ایس پارٹی سابق متحدہ ضلع میں اپنی بقا کی لڑائی لڑتی دکھائی دے رہی ہے۔

