رکن اسمبلی بوتھ راتھوڑ باپوراؤ کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج

عادل آباد : 18/اکتوبر (اپنا وطن نیوز)

بی آر ایس رکن اسمبلی بوتھ مسٹر راتھوڑ باپو راؤ اس ماہ کی 21/تاریخ کو کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔

انھوں نے اس خصوص میں میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ وہ دہلی میں کانگریس کے اعلیٰ قائدین کی موجودگی میں کانگریس پارٹی میں شامل ہوں گے۔

انھوں نے گذشتہ کل ہی صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی مسٹر ریونت ریڈی سے حیدر آباد میں ان کے مکان پر ملاقات کی تھی۔

واضح ہو کہ  بی آر ایس پارٹی نے حلقہ اسمبلی بوتھ میں اپنے امیدوار کی حیثیت سے مسٹر انیل جادھو کو ٹکٹ دیا ہے جس سے موجودہ رکن اسمبلی راتھوڑ باپوراؤ پارٹی قیادت سے سخت ناراض ہیں۔

اسی دوران رکن اسمبلی بوتھ کے خلاف پولیس نے آج ہی دھوکہ دہی کا ایک مقدمہ بھی درج کیا ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کے احکامات کے بعد پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جو کہ سال 2012 میں ان کی جانب سے دو پلاٹس کو فروخت کرنے سے متعلق ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ راتھوڑ باپوراؤ نے سال 2012 میں دو پلاٹس ایک شخص کوفروخت کئے تھے اور بعد ازاں ان ہی پلاٹس کو چند سال بعد دوبارہ دیگر افراد کو فروخت کردئیے۔

پہلے خریدار نے اس کی شکایت کی جس کے بعد عدالت نے مقدمہ درج کرنے کے احکامات پولیس کو دئیے۔