کندی سرینواس پر 7 جبکہ پائل شنکر پر 11 فوجداری مقدمات، جوگورامنا پر ایک بھی نہیں
عادل آباد : 9/نومبر (اپنا وطن نیوز)
حلقہ اسمبلی عادل آباد میں انتخابی سرگرمیاں زور و شور سے جاری ہیں۔ تینوں ہی پارٹیوں کے سرکردہ قائدین جوگورامنا (بی آر ایس)، پائل شنکر(بی جے پی ) اور کندی سرینواس ریڈی(کانگریس) نے پرچہ نامزدگیاں داخل کردی ہیں۔
تینوں ہی امیدواروں نے ریٹرننگ آفیسر کے پاس اپنے انتخابی حلف نامے بھی داخل کئے ہیں جن کے مطابق کانگریس کے کندی سرینواس، بی جے پی کے پائل شنکر کروڑپتی ہیں جبکہ سابق ریاستی وزیر و موجودہ رکن اسمبلی و بی آر ایس امیدوار جوگورامنا لکھ پتی ہیں۔
کندی سرینواس ریڈی کی ملکیت:

انتخابی حلف ناموں کے مطابق کانگریس امیدوار کندی سرینواس ریڈی کے پاس 8 کروڑ 98 لاکھ 76ہزار 833 روپئے نقد ہیں جبکہ ان کی اہلیہ کے پاس 27 کروڑ، 51 لاکھ، 15ہزار 289 روپئے نقد ہیں۔اس کے علاوہ کندی سرینواس کے پاس 7کروڑ 69 لاکھ15ہزار200روپئے جبکہ ان کی اہلیہ کے پاس 1 کروڑ، 47لاکھ، 63 ہزار روپیوں پر مشتمل غیرمنقولہ اثاثہ جات ہیں ۔
اس کے علاوہ کندی سرینواس ریڈی اور ان کی اہلیہ کے نام پر ہندوستان و امریکہ کے کئی شہروں میں قائم کمپنیوں میں ملکیت اور حصہ داری بھی ہے۔
یہی نہیں بلکہ کندی سرینواس کے اوپر جملہ 7 فوجداری مقدمات بھی عائد ہیں تاہم تاحال ایک میں بھی ان پر فرد جرم ثابت نہیں ہوا ہے۔
پائل شنکر کی ملکیت:

اپنی جانب سے داخل کردہ انتخابی حلف نامہ میں پائل شنکر نے بتایا کہ ان کے پاس 1 کروڑ 12 لاکھ 3ہزار 753 روپئے نقد موجود ہیں۔ اسی طرح ان کی اہلیہ کے پاس 81 لاکھ 58 ہزار 167 روپئے جبکہ فرزند کے پاس 1 کروڑ، 65 لاکھ 3 ہزار 811 روپئے نقد رقم موجود ہے۔
اس کے علاوہ ان کے پاس 1 کروڑ 44 لاکھ 50 ہزار روپیوں کی غیر منقولہ جائیدادیں جبکہ ان کی اہلیہ کے نام پر 2 کروڑ 12 لاکھ اور فرزند کے نام پر 18 لاکھ روپیوں کے غیر منقولہ جائیدادیں موجود ہیں۔
اس کے علاوہ بی جے پی امیدوار پائل شنکر کے اوپر جملہ 11 فوجداری مقدمات درج ہیں تاہم تاحال ایک میں بھی ان پر فرد جرم ثابت نہیں ہوا ہے۔
جوگورامنا کی ملکیت:

سابق ریاستی وزیر و موجودہ رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا اپنے پاس موجود اثاثہ جات کے معاملہ میں ان دونوں ہی امیدواروں سے کم پیسے والے ہیں۔
اپنی جانب سے داخل کردہ انتخابی حلف نامہ میں جوگورامنا نے بتایا کہ ان کے پاس فی الحال 64 لاکھ 67 ہزار 289 روپئے جبکہ ان کی اہلیہ کے پاس 37 لاکھ 79 ہزار 687 روپئے نقد موجود ہیں۔ غیر منقولہ اثاثہ جات میں جوگورامنا کے نام پر کوئی ملکیت نہیں جبکہ ان کی اہلیہ کے نام پر 2 لاکھ 50 ہزار روپیوں کی ملکیت موجود ہے۔
جوگورامنا کے اوپر کسی قسم کا فوجداری مقدمہ درج نہیں ہے۔
اس کے علاوہ حلقہ اسمبلی عادل آباد میں دیگر امیدواران نے بھی مختلف پارٹیوں اور آزاد امیدوار کی حیثیت سے پرچہ نامزدگی کا ادخال عمل میں لایا ہے۔

