نریندر مودی کاآج دورہ عادل آباد

گورنر تلنگانہ اور چیف منسٹر ریونت ریڈی استقبال کریں گے

عادل آباد : 4/مارچ (اپنا وطن نیوز)

وزیر اعظم نریندر مودی آج بروز پیر 04/مارچ ضلع کومستقر عادل آباد کے دورہ پر پہنچنے والے ہیں۔

صبح 11:20 بجے وہ خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ شہر کے ہوائی جہاز گراؤنڈ پر بنائے گئے ہیلی پیاڈ پر پہنچیں گے۔

وزیر اعظم کا استقبال خود چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تملاسائی سونداراجن کریں گے۔

چیف منسٹر صبح 10 بجے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ عادل آباد پہنچیں گے جہاں پر ضلع انچارج وزیر سیتا اکا ان  کا استقبال کریں گی۔

بتایا جارہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اپنے دورہ عادل آباد کے موقع پر تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں تقریبا 6 ہزار کروڑ روپیوں کی لاگت سے کئے جانے  والے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس کے دوران چیف منسٹر تلنگانہ اور گورنر تلنگانہ ان کے ہمراہ موجود رہیں گے۔

ترقیاتی کاموں کے سنگ بنیاد کے فوری بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی حیدر آباد کے لئے پرواز کرجائیں گے۔

بعد ازاں نریندر مودی، ریاستی بی جے پی یونٹ کی جانب سے مستقر کے اندرا پریہ درشنی اسٹیڈیم میں منعقد شدنی جلسہ عام کو مخاطب کریں گے۔

وزیر اعظم کے دورہ عادل آباد کے لئے ضلع انتظامیہ نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

شہر پولیس چھاؤنی میں تبدیل ہوچکا ہے اور مختلف مقامات پر ٹریفک تحدیدات عائد کردی گئی ہیں۔

شہر میں ڈرونس کے اڑانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اس کے علاوہ بیشتر خانگی مدارس نے شہر میں امکانی ٹریفک خلل کے باعث مدارس کو تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

بی جے پی کی جانب سے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کی ہر طرح سے کوششیں کی جارہی ہیں۔ ضلع عادل آباد کے علاوہ پڑوسی اضلاع سے عوام کی بڑی تعداد جلسہ عام میں شرکت کرنے کا امکان ہے۔