تلنگانہ اسمبلی انتخابات کی تیاری: بی آر ایس نے 115 امیدواران کی فہرست جاری کردی

اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس اور مجلس کا اتحاد

95 سے زائد اسمبلی نشستوں پر فتح حاصل کرنے کے سی آر کا دعوی

حیدر آباد : 21 ؍ اگست (اپنا وطن نیوز بیورو)

بھارتیہ راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) قومی صدر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج عنقریب منعقد شدنی تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی امیدواران کی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔ انھوں نے آج تلنگانہ بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران 115 اسمبلی حلقوں کے لئے اپنے امیدواران کی فہرست جاری کی۔7اسمبلی حلقوں میں امیدواران کی تبدیلی عمل میں لائی گئی ہے جن میں آصف آباد، بوتھ، اوٹنور قابل ذکر ہیں۔

مسٹر کے سی آر نے دو اسمبلی حلقوں سے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔ گجویل کے علاوہ وہ کاماریڈی حلقہ اسمبلی سے آنے والے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ مقامی رکن اسمبلی اور ضلع نظام آباد کے دیگر سیاسی قائدین کی خواہش پر وہ اس مرتبہ کاماریڈی سے بھی انتخابات میں مقابلہ کرنے جارہے ہیں۔

انھوں نے پارٹی ٹکٹ کے عدم حصول پر قائدین کو بھروسہ دلایا کہ وہ ناراض نہ ہوں بلکہ مستقبل میں انھیں دیگر عہدوں پر فائز کیا جائے گا۔

کے سی آر نے ادعا کیا کہ بی آر ایس اور مجلس اتحاد المسلمین کا اتحاد جاری رہے گا اور دونوں ہی پارٹیاں فرینڈلی طور پر کام کررہی ہے اور آئندہ انتخابات میں بھی آپسی اتحاد کے ذریعہ کامیابی حاصل کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ حیدر آباد  کے حدود میں واقع تمام 29 اسمبلی نشستوں پر مجلس اور بی آر ایس کامیابی حاصل کرے گی۔

انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بی آر ایس 95 تا 105 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کو ترقی کی بلندیوں پر لے جانا ہی بی آر ایس کا مقصد ہے ۔

کے سی آر نے قومی سیاست میں ان کے داخلہ کے ضمن میں بتایا کہ ملک کی عوام تبدیلی چاہ رہی ہے اور ان کی پارٹی جلدبازی کے بجائے مکمل منصوبہ بندی کے ذریعہ ملکی سیاست میں داخلہ لے رہی ہے۔

کے سی آر نے 15 اکتوبر کو ورنگل میں پارٹی کی جانب سے عظیم الشان جلسہ عام منعقد کرنے اور اس میں پارٹی مینی فیسٹو جاری کرنے کا بھی اعلان کیا۔