حلقہ اسمبلی عادل آباد سے جوگورامنا کو بی آر ایس کا ٹکٹ

Jogu Ramanna

مقامی بی آر ایس پارٹی کیڈر میں جشن۔انتخابی تیاریوں کا عملاً آغاز

عادل آباد : 21 /اگست (اپنا وطن نیوز)

بی آر ایس نے حلقہ اسمبلی عادل آباد سے سابق ریاستی وزیر مسٹر جوگورامنا کو ایک بار پھر پارٹی امیدوار بنایا ہے۔

مسٹر رامنا مسلسل پانچویں مرتبہ بحیثیت رکن اسمبلی عادل آباد انتخابات میں حصہ لیں گے۔

مسٹر جوگورامنا کے سیاسی کیرئیر کی شروعات بحیثیت سرپنچ سال 1988 میں ہوئی تھی۔ انھوں نے 1988 تا 1995 دیپائی گوڑہ سرپنچ کی حیثیت سے عوامی خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں جیند منڈل پرجا پریشد کے صدر اور پھر جیند زیڈ پی ٹی سی کی حیثیت سے انھوں نے کام کیا۔

سال 2004 میں انھوں نے تلگودیشم پارٹی سے ایم ایل اے عادل آباد کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا تاہم انھیں اس وقت شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ بعد ازاں انھوں نے سال 2009 میں تلگودیشم کی ہی ٹکٹ پر انتخاب لڑا اور کامیابی حاصل کی۔

تلنگانہ تحریک کے آغاز کے بعد انھوں نے سال 2011 میں تلگودیشم پارٹی کو خیرآباد کہتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ انھوں نے بعد ازاں سال 2012 میں منعقد ہوئے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کی ٹکٹ پر حلقہ اسمبلی عادل آباد سے دوبارہ کامیابی حاصل کرلی۔

اس کے بعد سال 2014 میں منعقد ہوئے عام انتخابات میں انھوں نے شاندار کامیابی حاصل کی جس کے بعد تلنگانہ ریاست کی پہلی کابینہ میں انھوں نے بحیثیت ریاستی وزیر حلف لیا۔ سال 2018 میں منعقدہ عام انتخابات میں بھی انھوں نے کامیابی حاصل کی اور بعد میں انھیں پارٹی نے سال 2022 میں ضلع صدر بی آر ایس کی حیثیت سے ذمہ داری سونپی۔

جوگورامنا کی حلقہ اسمبلی عادل آباد میں عوامی مقبولیت کے چلتے انھیں کے سی آر نے عنقریب منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں پھر سے پارٹی امیدوار نامزد کیا ہے۔

ان کے نام کے اعلان کے ساتھ ہی آج بی آرایس پارٹی قائدین و کارکنان نے ان کے مکان پہنچ کر زبردست آتشبازی و مٹھائیوں کی تقسیم عمل میں لاتے ہوئے جشن منایا۔