وزیر اعلیٰ کے سی آر نے کاماریڈی اور گجویل سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا

حیدرآباد: 9/نومبر (آئی اے این ایس)
تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ نے 30 نومبر کو ہونے والے انتخابات کے لیے آج یعنی جمعرات کو حلقہ اسمبلی کاماریڈی اور گجویل سے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
تفصیلات کے مطابق کے چندرشیکھر راؤ بذریعہ ہیلی کاپٹر حیدرآباد سے گجویل پہنچنے اور انھوں نے ریٹرننگ افسر کے سامنے اپنا نامزدگی داخل کردیا۔
اس موقع پر انھوں نے  مقامی بی آر ایس لیڈروں کے ساتھ اپنی تشہیری گاڑی کے اوپر کھڑے ہوئے اور ان لوگوں کی جانب ہاتھ ہلایا جو ان کے استقبال کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔
بی آر ایس لیڈر، جو 2014 اور 2018 میں سدی پیٹ ضلع کے گجویل سے منتخب ہوئے تھے، ایک بار پھر وہیں سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔
بعد ازاں وہ کاماریڈی کے لئے روانہ ہوگئے جہاں سے  بھی وہ انتخاب لڑ رہے ہیں۔
پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد وہ جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔
پہلے کی طرح، کے سی آر نے سدی پیٹ ضلع کے کونائی پلی میں وینکٹیشور سوامی مندر میں پوجا کی۔ گجویل میں کے سی آر کا مقابلہ بی جے پی کے ایٹالہ راجندر سے ہوگا، جو دو حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
راجندر، جو 2021 میں کے سی آر کے ذریعہ کابینہ سے ہٹائے جانے کے بعد بی جے پی میں شامل ہوئے تھے اور ضمنی انتخاب میں حضور آباد سیٹ کو برقرار رکھا، وہ بھی حضور آباد سے دوبارہ انتخاب لڑ رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے ابھی تک گجویل سے اپنے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔
کاماریڈی میں، ریاستی کانگریس کے سربراہ اے ریونت ریڈی کے سی آر کے خلاف مقابلہ کریں گے۔ ریونت ریڈی بھی کوڑنگل سے انتخاب لڑ رہے ہیں، جس حلقے کی وہ پہلے نمائندگی کر چکے ہیں۔
ریونت کو 2018 میں کوڑنگل سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن 2019 میں وہ ملکاجگیری سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے۔
کے سی آر 2014 میں گجویل سے 19391 ووٹوں کے فرق سے اپنے قریبی حریف تلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے ونتارو پرتاپ ریڈی کے خلاف منتخب ہوئے تھے۔
بی آر ایس کے سربراہ نے 2018 میں 58290 ووٹوں کی بھاری اکثریت کے ساتھ یہ سیٹ برقرار رکھی۔ ان کے قریبی حریف پھر پرتاپ ریڈی تھے جنہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔ 2018 میں گزشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس اور ٹی ڈی پی کے درمیان انتخابی اتحاد ہوا تھا ۔