بھکتاپور کے نوجوانوں کی بی آر ایس میں شمولیت۔رکن اسمبلی جوگورامنا کا خطاب
عادل آباد : 01 / اکتوبر (اپنا وطن نیوز)
رکن اسمبلی عادل آباد مسٹر جوگورامنا نے کہا کہ ایک جانب بی جے پی حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ عوام کو پریشان کررہی ہے تو دوسری جانب کانگریس پارٹی اپنے جھوٹے وعدوں کے ساتھ عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کررہی ہے تاہم عوام عنقریب منعقد شدنی انتخابات میں ان دونوں جماعتوں کو سبق سکھائیں گے۔
مستقر عادل آباد کے محلہ بھکتاپور میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران انھوں نے حمالی یونین کے مزدوروں اور کارکنوں کو بی آر ایس پارٹی میں شامل کروایا اسی طرح نیلا نگر میں بھی امبیڈکر اسوسی ایشن کے اراکین، نوجوانوں اور خواتین نے بڑے پیمانے پر پارٹی میں شمولیت اختیار کی جس پر رکن اسمبلی نے انھیں پارٹی کھنڈوا پہناتے ہوئے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے جوگورامنا نے کہا کہ اگر ریاستی حکومت فلاحی اسکیموں کے ثمرات غریبوں تک پہنچا رہی ہے تب چند موقعہ پرست سیاسی قائدین پریشر کوکر کی تقسیم کرتے ہوئے اپنے سیاسی فائدے کے لیے کوشش کررہے ہیں۔انھوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بی آر ایس حکومت کی فلاحی اسکیمات کے آگے کانگریس قائدین کی جانب سے تقسیم کئے جانے والے پریشر کوکر فیل ہوچکے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام بی آر ایس پارٹی کی ہی انتخابات میں حمایت کرے گی جو کہ ریاست کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے سرگرم ہے۔
جوگو رامنا نے کہا کہ ریاست تلنگانہ اپنے قیام کے نو سال کے اندر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
مرکز میں بی جے پی گیس سلنڈر، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کر رہی ہے اور لوگوں کو آپس میں لڑانے کا کام کررہی ہے۔اسی طرح ماضی میں عوامی فلاح و بہبود کو نظر انداز کرنے والی کانگریس پارٹی جھوٹے وعدوں کے ساتھ عوام کے سامنے آرہی ہے۔
پروگرام میں ڈی سی سی بی، اڈی بھوجا ریڈی، لائبریری چیرمین راوت منوہر، میونسپل وائس چیرمین ظہیر رمضانی، وارڈ کونسلر بنڈاری ستیش، بی آر ایس ضلع سکریٹری سید ساجد الدین، ٹاؤن جنرل سکریٹری اشرف ، اقلیتی سیل قائد سلیم پاشاہ، کو آپشن ممبر اعجاز کے علاوہ دیگر پارٹی قائدین موجود تھے۔

