کیجریوال کو یکم جون تک عبوری ضمانت ملی

نئی دہلی ، 10 مئی (ایجنسیز)
سپریم کورٹ نے آج یعنی جمعہ کو دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی (آپ) کے کنویز اروند کیجریوال کو عبوری ضمانت دیدی۔
دہلی ایکسائز پالیسی سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ کے کیس میں جیل میں بند مسٹر کیجریوال کو یکم جون تک عبوری ضمانت ملی ہے۔
جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس دیپا نکر دتہ کی بنچ نے یہ حکم دیا۔
کیجریوال کو عبوری ضمانت جاریہ لوک سبھا انتخابات کی تشہیر کے لئے دی گئی ہے۔
پارٹی سپریمو کو عبوری ضمانت کے اعلان کے ساتھ ہی دہلی کی عام آدمی پارٹی کیڈر میں جوش و خروش دیکھا گیا۔
پارٹی نے آج منعقد ہونے والے اپنے تمام انتخابی پروگرامس کو منسوخ کردیا ہے اور وہ اروند کیجریوال کی جیل سے رہائی اور ان کے استقبال کی تیاریوں میں لگ گئے ہیں۔
کیجریوال کی رہائی سے جہاں عام آدمی پارٹی کیڈر خوش ہے وہیں ان کی رہائی سے انڈیا اتحاد کو بھی زبردست طاقت ملنے کی امید ہے۔
واضح ہو کہ دہلی کی 7 لوک سبھا نشستوں پر رائے دہی چھٹویں مرحلہ کے تحت 25 مئی کو منعقد ہو گی جبکہ پنجاب کی 13 لوک سبھا نشستوں پر رائے دہی ساتویں و آخری مرحلہ کے تحت یکم جون کو منعقد شدنی ہے۔