عادل آباد کے سابق رکن پارلیمان رمیش راتھوڑ کا دیہانت

عادل آباد : 29/جون (اپنا وطن نیوز)

سابق رکن پارلیمان عادل آباد و تلنگانہ بی جے پی کے قد آور قائد مسٹر  رمیش راتھوڑ کا آج خرابی صحت کے باعث دیہانت ہوگیا۔وہ 62 برس کے تھے۔

کل شب ان کی صحت میں بگاڑ کے باعث انھیں اوٹنور کے دواخانہ میں ابتدائی طبی امداد کے بعد آج ضلع مستقر عادل آباد کے ایک خانگی دواخانہ سے رجوع کیا گیا تھا۔

طبیعت میں مزید بگاڑ کے بعد انھیں آج دوپہر عادل آباد سے حیدر آباد منتقل کیا جارہا تھا کہ ایچوڑہ شہر کے قریب ہی انھوں نے آخری سانس لی۔

مسٹر رمیش راتھوڑ نے سابق متحدہ ضلع عادل آباد میں بحیثیت رکن پارلیمان، ضلع پریشد چیر مین اور رکن اسمبلی خانہ پور کی حیثیت سے انھوں نے خدمات انجام دیں۔

آنجہانی قائد کے سیاسی کیرئیر کا آغاز تلگودیشم پارٹی میں شمولیت سے ہوا تھا۔ بعد ازاں انھوں نے کانگریس میں بھی شمولیت اختیار کی تھی تاہم اسمبلی انتخابات سے قبل انھوں نے بی جے پی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

سال 2009-2014 کے درمیان انھوں نے بحیثیت رکن پارلیمان عادل آباد اپنی خدمات انجام دیں تھیں۔

حالیہ اسمبلی انتخابات میں انھوں نے بی جے پی کی ٹکٹ پر  حلقہ اسمبلی خانہ پور سے انتخابی میدان میں قسمت آزمائی کی تاہم وہ کامیاب نہ ہوپائے۔ بعد ازاں انھوں نے بی جے پی سے رکن پارلیمان کی ٹکٹ کے حصول کی کوشش کی تاہم اس میں بھی وہ کامیاب نہ ہو پائے۔