سابق صدر ضلع کانگریس کمیٹی عادل آباد ساجد خان کی کانگریس میں واپسی

عادل آباد : 30/اپریل (اپنا وطن نیوز)

تلنگانہ کانگریس پارٹی قیادت نے آخرکار ٹی پی سی سی کی سابق جنرل سکریٹری گنڈرت سجاتا،سابق ضلع صدر کانگریس پارٹی عادل آباد مسٹر ساجد خان کی معطلی کو ختم کر دیا ہے۔

واضح ہو کہ  گذشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کا ٹکٹ نہ ملنے پر ان قائدین نے مقامی کانگریس امیدوار کے خلاف بغاوت کی تھی اور اپنی جانب سے ایک آزاد امیدوار انتخابی میدان میں اتارا تھا۔

آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے احکامات کے بعد، ریاستی کانگریس ڈسپلنری کمیٹی نے بی سی طبقہ کی قائد گنڈرت سجاتا، ساجد خان، سنجیوا ریڈی اور بھارگو دیشپانڈے کی معطلی کو ختم کردیا۔

اس کے فوری بعد سجاتا، ساجد خان اور بھارگو دیشپانڈے نے آج کانگریس ورکنگ صدر جگا ریڈی کی موجودگی میں دوبارہ کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

ریاستی ورکنگ صدر جگاریڈی نے گرمجوشی سے ان تمام کا استقبال کیا اور پارٹی کھنڈوا پہنا کر پارٹی میں شامل کیا۔

ساجد خان اور سجاتا کی دوبارہ کانگریس میں شمولیت کے ساتھ ہی مقامی پارٹی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

واضح ہو کہ پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر کل ہند کانگریس کمیٹی نے تمام ہی سابق کانگریسی قائدین کو دوبارہ پارٹی میں شامل کرنے اور ان کی خدمات سے استفادہ کا فیصلہ کیا تھا۔

5/مئی کو جبکہ مسٹر راہول گاندھی حلقہ پارلیمان عادل آباد کی نشست پر انتخابی جلسہ کو مخاطب کرنے کے لئے نرمل شہر مستقر کا دورہ کرنے والے ہیں، ایسے میں ان پارٹی قائدین کی دوبارہ شمولیت ہوئی ہے۔