ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا سہرا مودی کے سر باندھنے کی کوشش
عادل آباد : 10 / اکتوبر (اپنا وطن نیوز)
ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کو نریندر مودی کا کارنامہ قرار دینے کی کوشش کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ مسٹر امیت شاہ نے کہا کہ ’’آزادی کے بعد سے کانگریس حکومت جو کہ رام مندر کے مسلہ کو طول دے رہی تھی، لٹکا رہی تھی، نریندر مودی نے ایک دن صبح اس کی نیم (بنیاد) ڈال دی اور جنوری 2024 میں ایودھیا میں عالیشان رام مندر بن کر تیار ہوجائے گی‘‘۔
مسٹر امیت شاہ جو کہ آج مستقر عادل آباد کے ڈائیٹ گراؤنڈ پر منعقدہ بی جے پی کے انتخابی جلسہ عام کو مخاطب کررہے تھے نے برسر اقتدار بی آر ایس حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خاندانی سیاست والی پارٹی کو عوام اقتدار سے بیدخل کریں۔ انھوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت کا اسٹیرنگ اویسی کے پاس ہے اور مجلس کے اشاروں پر کے سی آر کام کرتے ہیں۔ جسے عوام اکھاڑ پھینکے۔
انھوں نے مزید کہا کہ کانگریس اور بی آر ایس تلنگانہ کی عوام کو موجودہ دور کے رضاکاروں سے بچا نہیں سکتے اس کے لئے بی جے پی کا اقتدار پر آنا ضروری ہے۔
موجودہ بی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے امیت شاہ نے بتایا کہ موجودہ حکومت خاندانی سیاست کو بڑھاوا دے رہی ہے، حکومت بدعنوانیوں کے دلدل میں پھنس چکی ہے اور وہ عوام کی فلاح و بہبود کو سونچنے کی بجائے اپنے بیٹے ، بیٹی اور رشتہ داروں کی ترقی کے لئے کام کررہی ہے۔
بدعنوانی میں، کسانوں کی خودکشی اور عوام کو پینے کے پانی کی عدم فراہمی میں تلنگانہ سرکار اول مقام پر ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
انھوں نے جلسہ میں شریک آدی واسیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے ایک غریب خاندان کی آدی واسی خاتون کو صدر جمہوریہ کے عہدہ پر فائز کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی آزادی کے وقت ملک کے عوام انگریزوں کے خلاف لڑائی لڑرہے تھے تب تلنگانہ کے عوام کو دو لڑائیاں لڑنی پڑی۔ ایک انگریزوں کے خلاف اور دوسری نظام حکومت کے خلاف انھیں جدوجہد کرنی پڑی۔
انھوں نے تلنگانہ میں ڈبل انجن کی سرکار بنانے کا شرکا سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سے دہشت گردی کے خاتمہ، سرحدوں کی حفاظت جیسے مسائل سے نمٹنے کے لئے بی جے پی کا اقتدار حاصل کرنا ضروری ہے۔
قبل ازیں صدر ریاستی بی جے پی و مرکزی وزیر کشن ریڈی نے جلسہ عام کو مخاطب کرنے کی کوشش کی تاہم ان کے حلق میں خرابی کے باعث وہ اپنی تقریر ادھوری چھوڑ کر بیٹھ گئے۔
سابق ریاستی صدر بی جے پی و رکن پارلیمان کریمنگر بنڈی سنجئے نے بھی جلسہ کو مخاطب کیا۔
جلسہ عام میں بی جے پی قائدین ایٹالہ راجیندر، ترون چگ، رکن پارلیمان عادل آباد سوئم باپوراؤ، وویک وینکٹ سوامی، رمیش راتھوڑ، پائل شنکر، سہاسنی ریڈی و دیگر موجود تھے۔
جلسہ میں ضلع عادل آباد کے علاوہ پڑوسی اضلاع اور مہاراشٹرا کے چند اضلاع کی عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

