حلقہ اسمبلی عادل آباد میں تحریک مسلم شبان کانگریس امیدوار کی حمایت نہیں کرے گی

مسلم فرقہ پرست شخص نا قابل قبول : مشتاق ملک ایڈوکیٹ

عادل آباد : 15/نومبر (اپنا وطن نیوز)

صدر تحریک مسلم شبان تلنگانہ جناب مشتاق ملک ایڈوکیٹ نے حلقہ اسمبلی عادل آباد سے کانگریس امیدوار کی تائید نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مشتاق ملک ایڈوکیٹ نے عادل آباد حلقہ اسمبلی کے کانگریسی امیدوار کی تائید نہ کرنے کے ضمن میں بتایا کہ یہاں سے کانگریس نے جس شخص کو اپنا امیدوار بنایا ہے اس کا تعلق مسلم فرقہ پرستی سے ہے لہذا ہم ایسے شخص کی تائید نہیں کرسکتے۔

تفصیلات کے مطابق حیدر آباد کے میڈیا پلس آڈیٹوریم میں منعقدہ صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے مشتاق ملک نے اعلان کیا کہ تلنگانہ ریاست میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات میں ان کی جماعت، چند ایک اسمبلی حلقوں کو چھوڑ کر کانگریس پارٹی امیدواران کی حمایت کرے گی ۔

 

ہمارا ماننا ہے کہ بی آر ایس،  بی جے پی اور آر ایس ایس کی پِچ پر کھیل رہی ہے، اور مسلمانوں کو بی آر ایس کو ووٹ دینے سے پہلے انھیں سو بار سونچنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ چند مقامات پر کانگریس نے فرقہ پرست نظریات کے حامل اشخاص کو امیدوار بنایا ہے لہذا ہم حلقہ جات اسمبلی بودھن، بہادرپورہ، یاقوت پورہ، چندرائن گٹہ، گوشہ محل، چارمینار اور عادل آباد میں کانگریس امیدواران کی حمایت نہیں کررہے ہیں۔

آگے انھوں نے مزید کہا کہ ہم نظریں جھکاکر کوئی بندھوا مزدور کی طرح کانگریس کی حمایت نہیں کررہے ہیں بلکہ ان کے مرکزی و ریاستی قائدین کو باضابطہ ہمارے اس فیصلہ کے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔

گوشہ محل میں بی جے پی امیدوار ملعون راجہ سنگھ کو شکست دینے میں اگر بی آر ایس امیدوار طاقتور دکھائی دے تو تحریک مسلم شبان بی آر ایس امیدوار کی تائید کرے گی۔

حلقہ اسمبلی عادل آباد میں کانگریس امیدوار کی تائید نہ کرنے کے مسلم شبان کے فیصلہ سے یہ پتہ چلتا ہے کہ مسلم شبان یہاں سے بی آر ایس امیدوار جوگورامنا کی تائید کررہی ہے۔ اسی طرح بودھن میں بی آر ایس نے مسلم امیدوار عامر شکیل کو اپنا امیدوار بنایا ہے لہذا وہ بودھن میں بھی بی آر ایس کی تائید کرے گی۔