حیدر آباد : 22/نومبر (اپنا وطن نیوز)
جماعت اسلامی ہند تلنگانہ نے جاریہ اسمبلی انتخابات میں مختلف سیاسی پارٹیوں کو اپنی تائید کا اعلان کردیا ہے۔
امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ محمد خالد مبشر الظفر کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق جماعت اسلامی تلنگانہ نے کانگریس کے 69، بی آر ایس کے 41، مجلس اتحاد المسلمین کے 7، بی ایس پی کے ایک اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ایک امیدوار کو اپنی تائید کا اعلان کیا ہے۔


بتایا جاتا ہے کہ جماعت اسلامی کے ریاست بھر میں موجود یونٹس کی جانب سے مقامی سطح پر اپنے کارکنان و معاونین کے ذریعہ سروے منعقد کروائے گئے تھے اور اس سروے کی بنیاد پر نیز مقامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے جماعت اسلامی نے مختلف حلقہ جات اسمبلی میں مختلف پارٹیوں کے امیدواران کو اپنی تائید کا اعلان کیا ہے۔
ایسے حلقہ جات اسمبلی جہاں پر فرقہ پرست پارٹیوں اور امیدواروں کے جیتنے کے امکانات زیادہ تھے وہاں پر جماعت اسلامی نے ٹی آر ایس یا کانگریس پارٹی کے سیکولر و طاقتور امیدوار کو تائید کا فیصلہ کیا تا کہ بی جے پی پارٹی امیدوار کو شکست فاش دی جاسکے۔

