جھوٹے الزامات لگانے والوں پر قانونی کاروائی یقینی: داسیم ونئے بھاسکر

ورنگل: 2/نومبر(اپنا وطن نیوز)

 گورنمنٹ چیف وہپ و امیدوار بی آر ایس حلقہ اسمبلی ورنگل مغرب مسٹر داسیم ونئے بھاسکر نے آج فرسٹ کلاس جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے سری چیتنیہ ڈگری کالج کے مالک پرشوتم ریڈی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا۔

عدالت کے احاطہ میں انھوں نے میڈیا نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ چند سال قبل شہر میں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی تھی اور اس دوران میونسپل کارپوریشن کے عملہ نے برساتی نالوں پر غیر قانونی طور پر قبضہ کئے ہوئے عمارتوں کے مالکین کو نوٹسیں بھیجی تھیں۔

انھوں نے بتایا کہ اس وقت انھوں نے مقامی مئیر اور کارپوریشن کے عملہ کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے غیر مجاز تعمیرات کو منہدم کرنے کی ہدایات دیں تھیں جس کے خلاف سری چیتنیہ ڈگری کالجس کے مالک غیر ضروری طور پر انھیں اس واقعہ کے لئے ذمہ دار ٹہرا رہے ہیں جبکہ کارپوریشن کے عملہ نے غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کیا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ پرشوتم ریڈی کی جانب سے ان پر جان بوجھ کر جھوٹے الزامات لگائے جارہے ہیں تاکہ عوام میں ان کی شبیہہ کو متاثر کیا جاسکے۔

داسیم ونئے بھاسکر نے حزب مخالف جماعتوں کی قائدین کی ان اوچھی حرکتوں پر طنز کستے ہوئے کہا کہ وہ ان پر لگائے جارہے جھوٹے الزامات کے خلاف عدالت سے انصاف کی امید کرتے ہیں اور اسی لئے انھوں نے ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ عدالت میں 7/نومبر کو اگلی سنوائی ہوگی۔