خانہ پور : 6 / اکتوبر (اپنا وطن نیوز)
بی آر ایس رکن اسمبلی خانہ پور ریکھا شیام نائک نے آج بی آر ایس پارٹی کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ انھوں نے آج میڈیا نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے پارٹی سے اپنے استعفی کا اعلان کیا ۔
واضح ہوکہ حالیہ دنوں بی آر ایس پارٹی سپریمو کے سی آر کی جانب سے اعلان کردہ پارٹی ٹکٹوں کے موقع پر حلقہ اسمبلی خانہ پور سے موجودہ رکن اسمبلی ریکھا شیام نائک کو نظر انداز کردیا گیا تھا اور ان کی جگہ کے ٹی آر کے قریبی جانسن نائک کو بی آر ایس امیدوار بنایا گیا ہے۔
اس فیصلہ سے ناراض ریکھا شیام نائک نے آج میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ انھوں نے بی آر ایس پارٹی کو اپنا استعفی پیش کردیا ہے ۔
انھوں نے مزید بتایا کہ وہ حلقہ اسمبلی خانہ پور سے ہی انتخابات میں حصہ لیں گی تاہم آیا وہ کانگریس پارٹی کے ٹکٹ یا پھر باغی امیدوار کی حیثیت سے میدان میں اتریں گی، اس کا فیصلہ وہ عنقریب لیں گی۔
ان کے شوہر کی جانب سے کانگریس میں شمولیت کے ضمن میں پوچھے گئے ایک سوال پر انھوں نے بتایا کہ ان کے شوہر کی ملازمت کانگریس دور حکومت میں ملی اور بی آر ایس حکومت میں انھیں ملازمت سے سبکدوشی پر مجبور کردیا گیا تھا لہذا انھوں نے کانگریس کو اپنے لئے بہتر سمجھتے ہوئے اس پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہوگی۔
بی آر ایس میں خاتون سیاسی لیڈران کو تاریک قراردیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی خانہ پور میں کئی ایک ترقیاتی کاموں کو روک دیا گیا ہے جن کی منظوری کے لئے انھوں نے کوششیں کی تھی۔
حلقہ اسمبلی خانہ پور میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے موقع پر سہ رخی مقابلہ کا امکان ہے۔
بی آر ایس سے جہاں این آر آئی جانسن نائک میدان میں ہیں تو بی جے پی سے سابق رکن پارلیمان عادل آباد راتھوڑ رمیش اور کانگریس یا باغی امیدوار کی حیثیت سے موجودہ رکن اسمبلی ریکھا شیام نائک کا انتخاب میں حصہ لینا یقینی ہے۔

