عادل آباد : 19/جون(اپنا وطن نیوز)
تلنگانہ کے عادل آباد بلدیہ میں بی آر ایس و دیگر پارٹی سے وابستہ کونسلروں نے آج ضلع کلکٹر سے ملاقات کرتے ہوئے بلدیہ کے وائس چیرمین ظہیر رمضانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی نوٹس پیش کی۔
تفصیلات کے مطابق بی آر ایس، بی جے پی کے علاوہ آزاد کونسلروں نے آج کلکٹر مسٹر راجرشی شاہ سے اپنی ملاقات کے دوران مطالبہ کیا کہ وہ مجلس بلدیہ عادل آباد کا خصوصی اجلاس طلب کریں اور نائب صدر نشین بلدیہ کے خلاف پیش کی گئی ان کی نوٹس پر رائے دہی کروائیں۔
بعد ازاں ان کونسلروں نے میڈیا نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ وائس چیرمین کے خلاف عدم اعتماد کی نوٹس ضلع کلکٹر کو پیش کردی گئی ہے۔ نوٹس کو کامیاب ہونے کے لئے 49 رکنی بلدیہ میں 25 کونسلروں کی تائید ضروری ہے جبکہ ان کے پاس 33 کونسلرس کی حمایت حاصل ہے۔
واضح ہو کہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد نائب صدر نشین بلدیہ عادل آباد مسٹر ظہیر رمضانی نے بی آر ایس کو خیر آباد کہتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

