عادل آباد : 22/اکتوبر (اپنا وطن نیوز)
بی جے پی نے حلقہ اسمبلی عادل آباد سے پارٹی امیدوار کی حیثیت سے پائل شنکر کو پھر ایک بار انتخابی میدان میں اتارا ہے ۔
واضح ہو کہ بی جے پی نے آج ریاست تلنگانہ میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات کے لئے 52 امیدواران پر مشتمل پہلی فہرست جاری کی تھی۔
پائل شنکر جو کہ صدر ضلع بی جے پی کے عہدہ پر بھی فائز ہیں کو بی جے پی کی اعلیٰ قیادت نے پھر ایک بار ٹکٹ دیتے ہوئے انھیں مسلسل تیسری بار اپنا امیدوار بنایا ہے جس کے بعد حلقہ اسمبلی عادل آباد میں سہ رخی مقابلہ دیکھا جارہا ہے۔
اس سے قبل انھوں نے سال 2012 میں منعقد شدہ ضمنی انتخابات میں تلگودیشم پارٹی امیدوار، سال 2014 اور 2018 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا تھا تاہم انھیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ چوتھی مرتبہ وہ عادل آباد ایم ایل اے کے لئے قسمت آزمائی کررہے ہیں۔
سابق ضلع پریشد چیرمین و رکن ریاستی بی جے پی سہاسنی ریڈی بھی ٹکٹ کے طاقتور دعویداروں میں شامل تھی تاہم پارٹی قیادت نے پھر ایک بار پائل شنکر پر بھروسہ کرتے ہوئے انھیں ٹکٹ دیا۔
بتایا جارہا ہے کہ سہاسنی ریڈی جلد ہی اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ لینے والی ہیں۔
آیا وہ بی جے پی میں ہی شامل رہیں گی یا پھر دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کریں گی، اس کا وہ عنقریب فیصلہ لینے والی ہیں۔
واضح ہو کہ بی آر ایس پارٹی کی جانب سے سابق ریاستی وزیر و موجودہ رکن اسمبلی جوگورامنا انتخابی میدان میں ہیں تو کانگریس پارٹی کی جانب سے ابھی امیدوار کا اعلان باقی ہے تاہم قوی امکان ہے کہ کندی سرینواس ریڈی کو ہی پارٹی اپنا امیدوار بنائے گی۔
سیاسی تجزیہ نگار، بی جے پی سے پائل شنکر کو ٹکٹ ملنے کے بعد، حلقہ اسمبلی عادل آباد میں سہ رخی مقابلہ کا امکان ظاہر کررہے ہیں۔

