راہول گاندھی 25/نومبر کو عادل آباد اور نریندر مودی 26/نومبر کو نرمل کا دورہ کریں گے

عادل آباد : 23/نومبر (اپنا وطن نیوز)

تلنگانہ اسمبلی انتخابات کی تشہیر کے اختتام کے لئے مزید 6 دن باقی ہیں۔ ایسے میں تمام ہی سیاسی جماعتوں کے امیدواران اپنے اپنے پارٹیوں کے سرکردہ قائدین کے ذریعہ انتخابی تشہیر کروانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔

سابق متحدہ ضلع عادل آباد میں بھی انتخابی تشہیر زوروں پر ہے۔

25/نومبر کو کل ہند کانگریس کمیٹی کے سابقہ صدر و رکن پارلیمان راہول گاندھی بھی ضلع عادل آباد کا دورہ کریں گے۔ وہ حلقہ اسمبلی عادل آباد سے کانگریس امیدوار کندی سرینواس ریڈی کے انتخابی جلسہ عام میں شرکت کی غرض سے ضلع کا دورہ کرنے والے ہیں۔

کانگریس پارٹی ذرائع کے مطابق راہول گاندھی کا جلسہ عام ضلع مستقر عادل آباد کے قریب موجود بھورج چیک پوسٹ کے علاقہ میں منعقد کیا جاسکتا ہے۔

مقامی کانگریس یونٹ کی جانب سے مستقر عادل آباد کے ڈائیٹ گراؤنڈ پر راہول گاندھی کے جلسہ عام کے انعقاد کی کوششیں کی جارہی ہیں اور اس سلسلہ میں پولیس سے اجازت طلب کی گئی ہے، اگر محکمہ پولیس ڈائیٹ گراؤنڈ پر جلسہ کے انعقاد کی اجازت دیتا ہے تب مستقر عادل آباد پر راہول گاندھی کا انتخابی جلسہ منعقد ہوگا بصورت دیگر بھورج چیک پوسٹ پر جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔

اسی طرح وزیر اعظم نریندر مودی اس ماہ کی 26/تاریخ کو نرمل کا دورہ کرتے ہوئے بی جے پی امیدوار مہیشور ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔

ان کے دورہ کے باعث ریاستی بی جے پی یونٹ نے بڑے پیمانے پر تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ سابق متحدہ ضلع عادل آباد کی عوام کو نرمل میں منعقد شدنی مودی کے جلسہ عام میں شرکت کروانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

ادھر 24/نومبر کو اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ضلع عادل آباد میں منعقد شدنی انتخابی جلسہ کو منسوخ کردیا گیا ہے۔

بی آر ایس کے کارگزار صدر مسٹر کے تارک راما راؤ اس ماہ کی 27/تاریخ کو حلقہ اسمبلی مدہول کا دورہ کرتے ہوئے اپنے پارٹی امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔