ہنمکنڈہ : 14/اکتوبر (اپنا وطن نیوز)
ریاستی وزیر اعلی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے جن اسکیمات کا آغاز کیا ہے وہ ملک کی دیگر ریاستوں کے لئے مثالی ہیں۔
ورنگل مغربی اسمبلی حلقہ سے بی آر ایس پارٹی امیدوار مسٹر داسیم ونئے بھاسکر نے آج ایک خانگی فنکشن ہال میں منعقدہ اقلیتی طبقہ کے پروگرام کو مخاطب کیا اور انتخابات میں ان سے تائید کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر چیف وہپ ونئے بھاسکر نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے اقلیتوں کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا تھا، لیکن بی آر ایس حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔

تلنگانہ حکومت واحد حکومت ہے جو اقلیتوں کے لیے سینکڑوں فلاحی پروگرام روبہ عمل لائی ہے جن میں قابل ذکر شادی مبارک اسکیم، اقلیتی خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم، بیروزگار اقلیتی نوجوانوں کے لئے ایک لاکھ روپئے امدادی رقم کی منظوری، ریاست بھر میں اقلیتوں کے لئے ٹمریز کے تحت اسکول و کالجس کا قیام، اقلیتوں کے لیے بیرون ملک تعلیم کے لئے اوور سیز اسکالرشپ، رمضان کے دوران ضرورتمندوں میں تحائف، افطار ڈنر، آئمہ و موذنین کے لئے ماہانہ 5 ہزار روپئے اعزازیہ شامل ہے۔

انھوں نے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ریاست میں مذہبی منافرت اور مذہبی سیاست کی کوئی جگہ نہیں ہے بلکہ تلنگانہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کے لئے امن کا گہوارہ ہے۔

